پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اتحاد اور یکجہتی کے جذبے کے ساتھ کھڑا ہے، میئر کراچی

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ 5اگست کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور ناقابلِ تسخیر حوصلے کی یاد دلاتا ہے

کراچی۔ 05 اگست (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ 5اگست کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور ناقابلِ تسخیر حوصلے کی یاد دلاتا ہے۔بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اتحاد اور یکجہتی کے جذبے کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2019میں بھارت نے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی متنازع آئینی حیثیت کو غیرقانونی طور پر تبدیل کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نظرانداز کرتے ہوئے کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کیے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام آج بھی ظلم، جبر اور ریاستی تشدد کے باوجود آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں،کوئی بھی طاقت کشمیری عوام کے جذب حریت کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی،کشمیریوں کی قربانیاں آزادی، حق اور انصاف کے لیے لازوال عزم کی روشن مثال ہیں۔میئر کراچی نے کہاکہ عالمی برادری بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جمو ں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی کردار ادا کرے۔

مزید خبریں