ازبکستان اور کرغزستان کے درمیان دو سرحدی دیہات کی منتقلی کا عمل شروع

"ازبکستان اور کرغزستان نے باہمی معاہدے کے تحت سرحدی دیہات چون گارا اور تاش ٹوبو کی ازبکستان سے کرغزستان کو منتقلی کے لیے انتظامی اور تکنیکی کارروائیوں کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔”

تاشقند۔6اگست (اے پی پی):ازبکستان اور کرغزستان نے باہمی معاہدے کے تحت دو سرحدی دیہات چون گارا اور تاش ٹوبو کی ازبکستان سے کرغزستان کو منتقلی کے لیے انتظامی اور تکنیکی کارروائیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

شنہوا کے مطابق کرغزستان کے صوبہ باتکن کی انتظامیہ کے مطابق یہ عمل دونوں ممالک کے درمیان ریاستی سرحد کی حد بندی اور اراضی کے تبادلے سے متعلق معاہدوں کے تحت انجام دیا جا رہا ہے۔24 جولائی کو کرغزستان کے ضلع کدامجائے میں مشترکہ ورکنگ کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مقامی رہائشیوں کی قانونی حیثیت، ممکنہ نقل مکانی کے طریقہ کار، جائیداد اور معاشی معاملات سمیت اہم امور پر غور کیا گیا۔سرحدی حد بندی کے معاہدے کے مطابق ازبکستان کے صوبہ فرغانہ کے انتظامی دائرہ اختیار میں شامل رہنے والے دیہات چون گارا اور تاش ٹوبو اب کرغزستان میں شامل کیے جا رہے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ان دونوں دیہات کی مجموعی آبادی تقریباً2500افراد پر مشتمل ہے، جن میں اکثریت نسلی کرغز باشندوں کی ہے۔حکام کے مطابق اس وقت مقامی رہائشیوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جس کے بعد انہیں کرغزستان کی شہریت حاصل کرنے کے لیے قانونی کارروائی مکمل کرنا ہوگی۔دوطرفہ معاہدے کے تحت ان دو دیہات کے بدلے کرغزستان اپنی سرحدی پٹی میں واقع مساوی رقبے کی اراضی ازبکستان کے حوالے کرے گا۔