جماعتِ اسلامی کے کارکنان کو مبینہ دھمکیوں پر تشویش ہے، آزاد کشمیر کسی افراتفری اور انارکی کا متحمل نہیں ہو سکتا،،جماعت اسلامی آزادکشمیر

جماعت اسلامی آزادکشمیر نے کہا ہے کہ راولاکوٹ میں جماعتِ اسلامی کے کارکنان کو مبینہ دھمکیوں، گالی گلوچ اور حملوں پر شدید تشویش ہے،آزاد کشمیر کسی افراتفری اور انارکی کا متحمل نہیں ہو سکتا،ہمارامطالبہ ہے کہ ریاستی ادارے فوری کارروائی کرتے ہوئے امن و امان یقینی بنائیں، شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق اقدام کریں اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کریں۔

اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):جماعت اسلامی آزادکشمیر نے کہا ہے کہ راولاکوٹ میں جماعتِ اسلامی کے کارکنان کو مبینہ دھمکیوں، گالی گلوچ اور حملوں پر شدید تشویش ہے،آزاد کشمیر کسی افراتفری اور انارکی کا متحمل نہیں ہو سکتا،ہمارامطالبہ ہے کہ ریاستی ادارے فوری کارروائی کرتے ہوئے امن و امان یقینی بنائیں، شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق اقدام کریں اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کریں۔

یہاں جاری بیان میں ترجمان جماعت اسلامی آزادکشمیر نے کہا کہ راولاکوٹ شہر اور اس کے گرد و نواح میں کچھ شرپسند عناصر جماعتِ اسلامی کے مقامی کارکنان اور ذمہ داران کو فون کالز پر دھمکیاں دے رہے ہیں، جبکہ جماعت کے بعض قائدین پر حملے بھی کیے گئے ہیں۔جماعتِ اسلامی کے حوالے سے یہ شرپسند اچھی طرح جانتے ہیں کہ جماعت ریاستی قوانین کی پابند ہے۔ اس معاملے پر ریاست کو بار بار متوجہ کیا گیا ہے۔جماعتِ اسلامی الیکشن کے دوران کسی بھی جمہوری عمل کو خراب کرنا نہیں چاہتی تاہم ریاستی ادارے عوام کے تحفظ دینے اور ان کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔جماعتِ اسلامی کے ترجمان نے کہا کہ جماعتِ اسلامی ریاست جموں و کشمیر کی بڑی سٹیک ہولڈر ہے اور اس نے ہزاروں نوجوانوں کا خون پیش کرکے بھارتی درندگی کا مقابلہ کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ آزاد کشمیر کسی افراتفری اور انارکی کا متحمل نہیں ہو سکتا،کسی بھی طرح کی خراب صورتحال کشمیر کاز کو نقصان پہنچائے گی۔جماعتِ اسلامی ایک بار پھر مطالبہ کرتی ہے کہ ریاست اپنا کردار ادا کرے، عوام کو درپیش مسائل کا فوری حل نکالے ۔