واسا سیالکوٹ کے مختلف مقامات پر عارضی واٹر کیمپ قائم

:واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) سیالکوٹ نے مون سون کے دوران حبس کی شدت کے پیش نظر شہریوں کو پینے کا صاف اور ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر عارضی واٹر کیمپ قائم کر دیئے۔

سیالکوٹ۔ 06 اگست (اے پی پی):واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) سیالکوٹ نے مون سون کے دوران حبس کی شدت کے پیش نظر شہریوں کو پینے کا صاف اور ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر عارضی واٹر کیمپ قائم کر دیئے۔

ترجمان واسا سیالکوٹ کے مطابق مون سون کے دوران نمی اور حبس بڑھنے کے باعث شہریوں کو صاف پانی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔ واٹر کیمپ شہر کے مختلف مصروف چوراہوں، عوامی مقامات دیگر اہم علاقوں میں قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہریوں کو بلا تعطل صاف، ٹھنڈا اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔واسا ترجمان نے بتایا کہ واسا کی ٹیمیں واٹر کیمپوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ پانی کا معیار برقرار رہےاور شہریوں کو بہترین سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ واسا شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی ضرورت کے پیش نظر واٹر کیمپ فعال رہیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پانی کا استعمال احتیاط سے کریں، صفائی کا خاص خیال رکھیں اور مون سون میں صحت کے تحفظ کے لیے صرف صاف اور محفوظ پانی استعمال کریں۔