تعلیمی بورڈ سرگودھا کے میٹرک کے سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا اعلان ، مجموعی کامیابی کا تناسب 68.2 فیصد رہا

"تعلیمی بورڈ سرگودھا نے میٹرک کے سالانہ امتحان 2026ء کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں مجموعی کامیابی کا تناسب 68.2 فیصد رہا۔”

سرگودھا۔ 06 اگست (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے میٹرک کے سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے ۔ امتحان کے لیے مجموعی طور پر 1 لاکھ 1 ہزار 818 امیدواروں نے داخلہ فارم جمع کرائے، جبکہ 1 لاکھ 611 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔

ان میں سے 68 ہزار 637 امیدوار کامیاب قرار پائے اور مجموعی کامیابی کا تناسب 68.2 فیصد رہا۔ضلع وار نتائج کے مطابق ضلع سرگودھا میں 46 ہزار 555 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے، جن میں سے 32 ہزار 829 کامیاب رہے اور کامیابی کا تناسب 70.52 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ ضلع میانوالی میں 19 ہزار 696 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے 12 ہزار 529 کامیاب قرار پائے اور کامیابی کا تناسب 63.61 فیصد رہا۔ ضلع خوشاب میں 16 ہزار 376 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے، جن میں سے 11 ہزار 461 کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 69.99 فیصد رہا جبکہ ضلع بھکر میں 17 ہزار 984 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے 11 ہزار 818 کامیاب قرار پائے اور کامیابی کاتناسب 65.71 فیصد رہا۔ بورڈ کمپلیکس میں میٹرک سالانہ امتحان 2026 میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر محمد شہزاد آصف خان، ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری، وائس چانسلر جامعہ سرگودھا ڈاکٹر قیصر عباس، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری منصور اعظم سندھو، اراکین پنجاب اسمبلی ملک آصف بھاء اور میاں اکرام الحق، ڈی آئی جی جیل خانہ جات سعد اللہ گوندل، ڈی پی او توقیر محمد نعیم، صدر ایوان صنعت و تجارت خواجہ یاسر قیوم، چیئرمین تعلیمی بورڈ عباس حیدر گوندل، سیکرٹری بورڈ ابوالحسن نقوی، کنٹرولر امتحانات نظر عباس گوندل، بورڈ افسران، اساتذہ، والدین اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میٹرک سالانہ امتحان 2026 میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ طلبہ کی کامیابی محنت، نظم و ضبط، مستقل مزاجی اور اساتذہ کی رہنمائی کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی بنیاد ہے اور آج کے طلبہ ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ جو طلبہ اس بار مطلوبہ کامیابی حاصل نہیں کر سکے وہ مایوس ہونے کے بجائے اپنی کمزوریوں کا جائزہ لیں اور نئے عزم کے ساتھ دوبارہ محنت کریں، کیونکہ زندگی میں ایک امتحان کی کامیابی یا ناکامی آخری منزل نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے نوجوان تیار کرنے ہیں جو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ بہترین کردار، دیانت داری، قومی ذمہ داری اور خدمت خلق کے جذبے سے بھی آراستہ ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب تعلیم کے فروغ، جدید سہولیات کی فراہمی، میرٹ کے استحکام اور طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔کمشنر حافظ شوکت علی نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے اپنے والدین، اساتذہ اور پورے سرگودھا ڈویژن کا نام روشن کیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہ طلبہ مستقبل میں بھی اپنی صلاحیتوں سے ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے ۔چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن عباس حیدر گوندل نے اپنے خطاب میں کہا کہ امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ اور معیار کو برقرار رکھنا بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔سیکرٹری بورڈ ابوالحسن نقوی نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی اور دیگر معزز شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈر طلبہ کی حوصلہ افزائی ان کی مزید کامیابیوں کی ضمانت ہے اور بورڈ مستقبل میں بھی میرٹ اور شفافیت کی روایت کو برقرار رکھے گا۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی،ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری، وائس چانسلر جامعہ سرگودھا ڈاکٹر قیصر عباس، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری منصور اعظم سندھو اور دیگر مہمانوں نے میٹرک سالانہ امتحان 2026 کے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں شیلڈز، تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے۔