پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے انٹرنز کا پنجاب اسمبلی کا مطالعاتی دورہ

"پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے انٹرن شپ پروگرام میں شریک طلبہ و طالبات کے لیے پنجاب اسمبلی کے خصوصی مطالعاتی دورے کا اہتمام کیا گیا تاکہ انہیں قانون سازی اور جمہوری عمل سے آگاہی فراہم کی جا سکے۔”

لاہور۔6اگست (اے پی پی):پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے انٹرن شپ پروگرام میں شریک طلبہ و طالبات کے لیے پنجاب اسمبلی کے خصوصی مطالعاتی دورے کا اہتمام کیا گیا۔

چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے انٹرنز کو پنجاب اسمبلی کا دورہ کروایا اور انہیں صوبائی اسمبلی کی تاریخ، جمہوری نظام اور قانون سازی کے عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ترجمان ویمن پروٹیکشن کیمطابق دورے کے دوران طلبہ و طالبات کو پنجاب اسمبلی کی تاریخی اہمیت اور قیام سے متعلق ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ انٹرنز کو بتایا گیا کہ عوامی مسائل کو قانون سازی کے ذریعے حل کرنے کے لیے کسی بل کی تیاری، اسمبلی میں پیش کیے جانے، مختلف مراحل سے گزرنے، بحث، منظوری اور قانون بننے تک کیا طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے۔طلبہ و طالبات کو پنجاب اسمبلی کی تاریخی پرانی عمارت اور جدید نئی عمارت کا مکمل دورہ بھی کروایا گیا۔ انہیں اسمبلی ہال، مختلف کمیٹی رومز، لائبریری اور دیگر اہم حصوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ انٹرنز نے پنجاب اسمبلی کے دورے پر بے حد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان کے پارلیمانی اور جمہوری نظام کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا بہترین موقع ملا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل اور آنے والے کل کے قائدین ہیں۔ نوجوانوں کو جمہوری اداروں، قانون سازی اور ریاستی نظام کے بارے میں عملی آگاہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اور مطالعاتی دورے نوجوانوں میں قیادت، ذمہ داری، اعتماد اور سماجی شعور پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ملکی معاملات، آئین، پارلیمانی روایات اور قانون سازی کے عمل کو سمجھیں اور مستقبل میں ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔حنا پرویز بٹ نے کہا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا انٹرن شپ پروگرام نوجوانوں کو خواتین کے تحفظ، ان کے قانونی حقوق، ادارہ جاتی نظام اور عوامی خدمت کے مختلف پہلوں سے روشناس کروانے کا ایک مثر ذریعہ ہے۔ ایسے مطالعاتی دوروں کا مقصد طلبہ و طالبات کو کتابی علم کے ساتھ ساتھ عملی تجربہ بھی فراہم کرنا ہے۔