لیونل میسی کا نیا ریکارڈ، لیگز کپ میں انٹر میامی کی شاندار فتح

"ارجنٹائن کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیگز کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔”

میامی ۔6اگست (اے پی پی):ارجنٹائن کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی نے دھماکے دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیگز کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق لیگز کپ 2026 کے افتتاحی گروپ میچ میں انٹر میامی نے اٹلیٹکو سان لوئس کو 2-4 سے شکست دے دی۔میچ کا آغاز انٹر میامی کے لیے اچھا نہ رہا جب چوتھے منٹ میں ڈیوڈ روڈریگز نے سان لوئس کو برتری دلا دی، لیکن صرف سات منٹ بعد لیونل میسی نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ 26 ویں منٹ میں لیونل میسی کی ٹیم کے وینیزیوئلن مڈفیلڈر ٹیلاسکو سیگوویا نے گول کر کے میامی کو برتری دلائی، جس کے بعد ہاف ٹائم سے ٹھیک پہلے لیونل میسی نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول داغ دیا۔اس کے بعد برازیلین ڈیفنڈر میکائل نے پہلے ہاف کے سٹاپج ٹائم میں چوتھا گول کر کے ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔ اٹلیٹکو کی جانب سے دوسرے ہاف میں رافا لورینٹے نے دوسرا گول کیا لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ ان دو گولز کے ساتھ ہی لیگز کپ میں لیونل میسی کے کل گولز کی تعداد 14 ہو گئی ہے جو کہ اس ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔