امریکا نے کولمبیا کی نئی دائیں بازو کی حکومت کو سکیورٹی کے شعبے میں ایک ارب ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
امریکا کا کولمبیا کی نئی حکومت کو ایک ارب ڈالر کی سکیورٹی امداد دینے کا اعلان

مزید خبریں
واشنگٹن ۔8اگست (اے پی پی):امریکا نے کولمبیا کی نئی دائیں بازو کی حکومت کو سکیورٹی کے شعبے میں ایک ارب ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
شنہوا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کانگریس کے تعاون سے کولمبیا کے نئے صدر ابیلاردو ڈی لا ایسپریئیا کی حکومت کے لیے ایک ارب ڈالر کے سکیورٹی پیکیج کا اعلان کرے گی۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس امداد کا مقصد دونوں ممالک کے مشترکہ سکیورٹی اہداف کے حصول میں کولمبیا کی مدد کرنا ہے۔کولمبیا کے نئے صدر ابیلاردو ڈی لا ایسپریئیا نے جمعہ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران ملک میں جرائم کے خلاف سخت کارروائی اور معیشت کی بحالی کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی صدارتی انتخابات کے دوران ان کی حمایت کی تھی۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق کولمبیا کو ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے تشکیل دیے گئے ’’شیلڈ آف دی امریکنز‘‘ اتحاد میں بھی شامل کیا گیا ہے۔
اس اتحاد میں دائیں بازو کے رہنما منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ کارروائی کے عزم کا اظہار کر رہے ہیں۔ٹرمپ انتظامیہ نے لاطینی امریکا میں امریکی موجودگی اور اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ تاہم انسانی حقوق کی تنظیموں اور ناقدین نے خطے میں امریکی فوجی کارروائیوں پر قانونی اور انسانی حقوق سے متعلق سوالات اٹھائے ہیں۔دوسری جانب سابق کولمبیائی صدر گستاوو پیٹرو اور صدر ٹرمپ کے درمیان بھی مختلف معاملات پر شدید اختلافات رہے ہیں۔ پیٹرو نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں اور کیریبین سمندر میں امریکی فوجی حملوں پر ٹرمپ انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جبکہ انہوں نے صدارتی انتخابات میں ڈی لا ایسپریئیا کی ٹرمپ کی حمایت پر بھی اعتراض کیا تھا۔








