امریکی ریاست یوٹاہ میں جنگلات کی آگ بجھانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

امریکی ریاست یوٹاہ میں جنگلات میں لگی شدید آگ پر قابو پانے کی کارروائی کے دوران آگ بجھانے والا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔

لاس اینجلس ۔8اگست (اے پی پی):امریکی ریاست یوٹاہ میں جنگلات میں لگی شدید آگ پر قابو پانے کی کارروائی کے دوران آگ بجھانے والا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔

شنہوا کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق سکورسکی ایس-64ہیلی کاپٹر میں دو افراد سوار تھے اور یہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے یوٹاہ کے علاقے رچ فیلڈ کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔فائر حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر ’’وائیڈ ماؤتھ 2 فائر‘‘ کے قریب گر کر تباہ ہوا، جو یوٹاہ میں 2026 کے فائر سیزن کی اس وقت دوسری سب سے بڑی جنگلاتی آگ ہے۔حکام نے بتایا کہ امدادی اہلکار فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کر دیے گئے، تاہم ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں افراد کی حالت کے بارے میں فوری طور پر معلومات دستیاب نہیں تھیں۔یوٹاہ فائر انفو کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے شروع ہونے والی یہ جنگلاتی آگ 27 جولائی کو دریافت ہوئی تھی۔ آگ اب تک ایک لاکھ 5 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے، جو تقریباً 425 مربع کلومیٹر بنتا ہے۔حکام کے مطابق آگ پر اب تک 19 فیصد قابوپایا جا چکا ہے۔