وزیر داخلہ محسن نقوی کا ہنگو میں عسکریت پسندوں سے لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے کیپٹن حمزہ اکرم شہید کو خراج تحسین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں عسکریت پسندوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حمزہ اکرم شہید کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں عسکریت پسندوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حمزہ اکرم شہید کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے بہادر بیٹے نے فرض کی ادائیگی کے دوران غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر کے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید کا عزم اور جذبہ قوم کی اصل طاقت ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید اور دیگر شہداء کے خون کا ہر قطرہ پاکستان کے تحفظ اور سلامتی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں مادر وطن کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف دفاع کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا،کیپٹن حمزہ اکرم شہید نے مادر وطن کے لیے اپنی قیمتی جان قربان کی اور شہادت کا بلند مقام حاصل کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید ہونے والے افسر کی ہمت اور لگن قوم کو متاثر کرتی رہے گی۔

وزیر داخلہ نے کیپٹن حمزہ اکرم شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور شہید افسر پاکستانی عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ محسن نقوی نے ان تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک کے لیے جان کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ہمت، لگن اور خون نے پاکستان کی سلامتی کی بنیادوں کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم اپنے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کا احترام کرتی رہے گی اور وطن کی حفاظت کے لیے جان کا نذرانہ پیش والوں کی مقروض رہے گی۔