اسلام آباد میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے موثر انسداد ڈینگی اقدامات اور لاروا کنٹرول کارروائیاں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں رواں سال یکم جنوری تا 6 اگست تک اسلام آباد میں ڈینگی کے صرف 3 کیس رپورٹ ہوئے ہیں
اسلام آباد میں ڈینگی کے 3 کیس رپورٹ، انسداد ڈینگی مہم موثر قرار

مزید خبریں
اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):اسلام آباد میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے موثر انسداد ڈینگی اقدامات اور لاروا کنٹرول کارروائیاں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں رواں سال یکم جنوری تا 6 اگست تک اسلام آباد میں ڈینگی کے صرف 3 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہواجس میں وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کی صورتحال، لاروا کنٹرول کے لیے جاری کارروائیوں اور مختلف علاقوں میں انسداد ڈینگی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسلام آباد سمیت لاہور، فیصل آباد، ملتان اور راولپنڈی میں ڈینگی کیسز کی صورتحال کا تقابلی جائزہ لیا گیا، جبکہ سال 2024، 2025 اور 2026 کے ڈینگی کیسز کے اعدادوشمار کا بھی موازنہ کیا گیا۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ڈینگی ہاٹ سپاٹس کے دوروں اور وہاں کی جانے والی کارروائیوں کے اعدادوشمار بھی اجلاس میں پیش کیے گئے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 15 روز کے دوران لاروا کی افزائش کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 170 افراد کو گرفتار، 35 مقامات کو سیل کیا گیاجبکہ ڈینگی پھیلانے والےعناصر پر 21 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے اور 70 مقدمات بھی درج کیے گئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 15 روز کے دوران 7,066 مثبت جبکہ 499 منفی لاروا رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح انڈور ویکٹر سرویلنس کے تحت ایک لاکھ سے زائد گھروں کی انسپکشن مکمل کی گئی۔اجلاس میں پیرا، لوکل گورنمنٹ سمیت تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے انسداد ڈینگی مہم کے تحت کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور مہم کو مزید موثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے کہا کہ انسداد ڈینگی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ڈینگی کے پھیلاؤ کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور شہریوں کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔








