گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ 2047کا پاکستان آج کے آپ جیسے ہونہار، باصلاحیت اور ذہین نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہوگا۔ہفتہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھر ایجوکیشن الائنس کے بچوں و نوعمر افراد کی پارلیمنٹ کے 13رکنی وفد اور پاکستان یوتھ پارلیمنٹ سندھ کابینہ کے 45رکنی وفد سے گورنر ہائو س میں ملاقات کے دوران کیا
2047 کا پاکستان ذہین نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہوگا ، گورنر سندھ

مزید خبریں
کراچی۔ 08 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ 2047 کا پاکستان آج کے آپ جیسے ہونہار، باصلاحیت اور ذہین نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہوگا۔ہفتہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھر ایجوکیشن الائنس کے بچوں و نوعمر افراد کی پارلیمنٹ کے 13رکنی وفد اور پاکستان یوتھ پارلیمنٹ سندھ کابینہ کے 45رکنی وفد سے گورنر ہائو س میں ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ ممکن ہے ہم اور ہماری عمر کے بہت سے لوگ اس وقت موجود نہ ہوں، لیکن آج کے نوجوانوں میں سے کوئی صدرِ پاکستان، کوئی گورنر، کوئی وزیراعظم یا وزیراعلی ہوگا۔انہوں نے کہاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں، نئی مہارتیں سیکھیں اور جدید بالخصوص اے آئی ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کریں،جب 2047 آئے تو پاکستان مزید مضبوط، معاشی طور پر مستحکم اور طاقتور ہو، تاکہ دنیا دیکھ سکے کہ یہ قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان ہے۔ملاقات میں نوجوانوں کے مسائل، تعلیم، جدید ٹیکنالوجی، روزگار کے مواقع اور ملکی ترقی میں نوجوانوں کے کردار سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر یونیسیف سندھ کے چیف آف آفس پریم بہادر چند، بانی صدر پاکستان یوتھ پارلیمنٹ ڈاکٹر ابوبکر، صدر سندھ کابینہ سمن عباسی، بچوں اور نوجوانوں کے تعلیم کے حق سے متعلق پارلیمانی فورم کے اراکین اور تھر ایجوکیشن الائنس کے اراکین بھی موجود تھے۔گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ ملک کے بہتر مستقبل کے لیے بھی منصوبہ بندی کرنی چاہیے، بڑے خواب دیکھنے چاہئیں اور انہیں حقیقت میں بدلنے کے لیے محنت، نظم و ضبط اور مسلسل جدوجہد کو اپنا شعار بنانا چاہیے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ ہمیں آج سے یہ طے کرنا ہوگا کہ 2047میں پاکستان کو کیسا دیکھنا چاہتے ہیں، ہماری منزل ایک مضبوط، ترقی یافتہ، خوشحال اور خودمختار پاکستان ہونا چاہیے، جہاں نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید ٹیکنالوجی، روزگار اور کاروبار کے وسیع مواقع میسر ہوں، میرٹ کو فروغ حاصل ہو اور ہر شہری کو بنیادی سہولیات دستیاب ہوں۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، نوجوان اپنی صلاحیتوں، کردار، محنت اور کامیابیوں کے ذریعے دنیا کے سامنے پاکستان کا روشن اور مثبت چہرہ پیش کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، شمولیت اور ماحولیات کے شعبوں میں بااختیار بنانے کے لیے اہم اقدامات کر رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ نوجوانوں کو جدید علوم، ٹیکنالوجی اور نئی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار، فنی تربیت اور کاروبار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ نہ صرف روزگار حاصل کریں بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار پیدا کرنے کے قابل بنیں۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ نوجوانوں کو قومی اور معاشرتی معاملات میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کے مواقع دینا ضروری ہے، نوجوانوں کی آواز سنی جائے اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں مو ثر طور پر شامل کیا جائے، یہی ایک مضبوط اور متحرک معاشرے کی علامت ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں بھی نوجوان کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، صاف، سرسبز اور پائیدار پاکستان کے قیام کے لیے نوجوانوں کی شمولیت ناگزیر ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مواقع کا انتظار کرنے کے بجائے اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں، نئی مہارتیں سیکھیں، جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں اورمحنت، ایمانداری، نظم و ضبط اور قومی جذبے کے ساتھ آگے بڑھ کر نوجوان قائداعظم محمد علی جناح کے خواب کے مطابق پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں ۔








