مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ تاریخ ساز پیشرفت ہے، پاکستان کو عالمی سطح پر وہ مقام حاصل ہوا جس کی قوم ہمیشہ خواہش مند رہی، عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کو تاریخ ساز پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ پوری امت مسلمہ کے لئے باعث فخر اور تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کے حوالے سے اہم سنگ میل ہے۔

اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کو تاریخ ساز پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ پوری امت مسلمہ کے لئے باعث فخر اور تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کے حوالے سے اہم سنگ میل ہے۔ پاکستان کو عالمی سطح پر وہ مقام حاصل ہوا جس کی قوم ہمیشہ سے خواہش مند رہی ہے۔ اتوار کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے پاکستانی قوم کو یہ تاریخی دن دکھایا، پورا ملک اس اہم موقع کو بھرپور انداز میں منا رہا ہے، ملک بھر میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ پوری امت مسلمہ کے لئے باعث فخر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نے اس تاریخ ساز معاہدے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کو عالمی سطح پر وہ مقام حاصل ہوا ہے جس کی پاکستانی قوم ہمیشہ سے خواہش مند رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ باہمی شراکت داری کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے جس کے تحت تینوں برادر ممالک دفاع کے شعبے میں مل کر آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو حرمین شریفین کے تحفظ کا اعزاز بخشا جبکہ تین دوست و برادر ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ بھی اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک خاص انعام اور نعمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی پیش رفت کو ملک بھر میں بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے، تینوں ممالک کے قومی پرچم لہرائے جا رہے ہیں اور عوام میں خوشی کی لہر ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ امن و سلامتی کے فروغ کے لئے ہے، پاکستان نے جو اہم پیشرفت حاصل کی ہے، اس پر اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے اس تاریخی کامیابی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو اس اہم مقصد کے لئے منتخب کیا ہے۔