وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ، پنجاب میں پائپ کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ، پنجاب میں پائپ کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور۔10اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں پینے کے صاف پانی کے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ہر فرد اور ہر گھر تک صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو منصوبوں پر موثر عملدرآمد کی ہدایت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مختلف علاقوں میں فلٹریشن پلانٹس،بوتل واٹر اور واٹر بازرز کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی جاری ہے۔

اجلاس میں منتخب اضلاع میں پائپ لائن کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پائلٹ پراجیکٹ کے لیے جنوبی،وسطی اور شمالی پنجاب کے 6 اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے،جن میں راجن پور، لاہور،فیصل آباد، چکوال، راولپنڈی اور مری/کوٹلی ستیاں شامل ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ پائلٹ پراجیکٹ کے حوالے سے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، واسا اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ماہرین سے مشاورت کی جائے۔انہوں نے کم آمدن والے گھرانوں کو صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے میں ترجیح دینے اور صاف پانی کے ذرائع سے محروم علاقوں تک پانی پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران ڈی سی راجن پور عمران رانجھا اور ڈی سی چکوال سارہ حیات سے متعلقہ اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی کے بارے میں براہِ راست دریافت کیا۔

انہوں نے پانی کی کمی اور آبی آلودگی کا شکار علاقوں میں واٹر ٹینکرز اور واٹر بازرز کے ذریعے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا،جبکہ صاف پانی کی فراہمی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بوتل واٹر پلانٹس کو پوری استعداد کے ساتھ چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کوہِ سلیمان کے دور دراز علاقوں میں بوتل بند پانی کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو شاباش بھی دی۔

مزید خبریں