فیسکو اورایف آئی اے کی مشترکہ کارروائی، بجلی چوری کرنے والا منظم گروہ گرفتار

فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)نے مشترکہ کارروائی کے دوران بجلی کے صنعتی میٹروں میں سافٹ وئیر ٹیمپرنگ کے ذریعے بجلی چوری کرنے والے منظم گروہ کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔

فیصل آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)نے مشترکہ کارروائی کے دوران بجلی کے صنعتی میٹروں میں سافٹ وئیر ٹیمپرنگ کے ذریعے بجلی چوری کرنے والے منظم گروہ کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔ اس سلسلے میں فیسکو اور ایف آئی اے بجلی چوری میں ملوث عناصر، سہولت کاروں اور بدعنوان اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ترجمان فیسکو محمد سعید رضا نے’’ اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ فیسکوایکسئین ایم اینڈ ٹی سیکنڈ سرکل اوراس کی ٹیم نے موقع پر بحوالہ اکاؤنٹ211322608331427سکنہ گلی نمبر11، رسول پورہ غلام محمد آباد فیصل آبادبنام محمد صنان صدیق ولد محمد صدیق چیک کیا توبجلی کے میٹر کے سافٹ وئیر کو غیرقانونی طور پرری پروگرامنگ کرکے بجلی چوری کی جارہی تھی۔

جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل طارق محمود اور ایس ایچ او،سب انسپکٹر اجمل حسین کے ہمراہ چھاپہ ما ر کر ویونگ فیکٹری میں جدید طریقہ سے بجلی چوری پکڑ لی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان ذیشان عالم اسسٹنٹ لائن مین اور وحید میٹر ریڈرنے عدنان نا می الیکٹریشن اور ایک سافٹ وئیر ماہرشخص کے ساتھ ملی بھگت کر کے ایک صنعتی یونٹ کے بجلی میٹر کے سافٹ وئیر کو غیر قانونی طور پر ری پروگرام کیااوربجلی کی اصل کھپت کم ظاہر کر کے فیسکو کو لاکھوں روپے کا مالی نقصان پہنچایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد ایف آئی اے نے تمام مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ملزم عدنان کی گرفتاری کے دوران ایک لیپ ٹاپ، موبائل فونز، خصوصی سافٹ وئیر ٹولز اور دیگر ڈیجیٹل آلات برآمد کیے گئے۔

لیپ ٹاپ میں بجلی چوری میں استعمال ہونے والا سافٹ وئیربھی موجود تھا، جسے فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے ان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈلے لیا۔ توقع ہے کہ دوران ریمانڈ مزید صنعتی کنکشنز، سہولت کاروں، مالی لین دین، اس منظم نیٹ ورک کے دیگر ارکان اور بجلی چوروں کے بارے میں اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو انجینئر محمد عامر نے واضح کیا ہے کہ بجلی چوری، بدعنوانی اورجدید ٹیکنالوجی کے ذریعے قومی وسائل کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث صارفین کے ساتھ ایسے فیسکو ملازمین کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو کسی بھی سطح پر اس غیر قانونی عمل میں ملوث یا معاون ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ قومی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور بجلی کی منصفانہ فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔

 

مزید خبریں