پاکستان کی آزادی ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے، موجودہ نسل محنت، لگن اور اخلاص کے ساتھ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے، وزیر مملکت وجیہہ قمر

پاکستان کی آزادی ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے، موجودہ نسل محنت، لگن اور اخلاص کے ساتھ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے، وزیر مملکت وجیہہ قمر

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی، اب موجودہ نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ محنت، لگن اور اخلاص کے ساتھ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں ڈبلیو واٹسن لائن کلب اور کھوکھر سٹوڈیوز کے اشتراک سے یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ قومی نغموں کے مقابلے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وجیہہ قمر نے کہا کہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی یوم آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت پاکستان کے قومی پرچم کے سفید حصے کی حقیقی عکاسی ہے جو امن، مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور مساوی شہریت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت، وقار اور سلامتی کے لیے پوری قوم متحد ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی ہمیں اسی اتحاد اور یکجہتی کو برقرار رکھنا ہوگا۔پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ ان اہم پیش رفتوں سے پاکستان کے وقار اور تزویراتی حیثیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کے دشمنوں بالخصوص دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے ملکی دفاع کے لیے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ پاکستان کی اقلیتی برادریاں ملکی سرحدوں کے تحفظ اور دفاع کے لیے پوری قوم اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات اس حقیقت کی عکاس ہیں کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کی مذہبی و سماجی تنوع، برداشت، رواداری اور قومی یکجہتی میں مضمر ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ آج کا دن اس لحاظ سے انتہائی خاص ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں پاکستان جیسی عظیم نعمت سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی ہمیشہ ایسے پلیٹ فارمز کے قیام کو ترجیح دیتا رہا ہے جو قومی شعور کو فروغ دیں، پاکستان کی قومی شناخت کو اجاگر کریں اور دنیا کے سامنے ملک کا مثبت تشخص پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کا حقیقی پیغام صرف پرچم لہرانا اور قومی ترانہ گانا نہیں بلکہ اپنے اپنے شعبوں میں دیانت، محنت، لگن اور بہترین کارکردگی کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا اور پاکستان کی معیشت و تشخص کو مضبوط کرنا ہے۔

سابق صدر آئی سی سی آئی اور سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا کہ یہ تقریب اس لحاظ سے بھی انتہائی اہم ہے کہ مختلف اقلیتی برادریوں کے نمائندے اس قومی جشن میں بھرپور انداز میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بیرونی خطرات کے مقابلے میں اپنے عزم اور قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور قومی خوشحالی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر عرفان چوہدری نے اپنے خطاب میں قومی اتحاد، مذہبی ہم آہنگی، امن، رواداری اور پاکستان کی ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر ذوالقرنین عباسی، آئی سی سی آئی ممبران جمیل کھوکھر اور مس صدف عباسی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سابق صدر آئی سی سی آئی محمد اعجاز عباسی، ایگزیکٹو ممبران وسیم چوہدری، روحیل انور بٹ، آئی سی سی آئی ممبران نگینہ خلیق، ڈاکٹر جویریہ اظہر اور دیگر بھی موجود تھے۔ شرکا کی پرجوش شرکت، دلنشین قومی نغموں اور مختلف مذہبی و سماجی طبقات کی نمائندگی نے اس تقریب کو پاکستان کی وحدت، مذہبی ہم آہنگی اور جذبہ حب الوطنی کا یادگار مظہر بنا دیا۔