بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے پنجاب بورڈ کمیٹی آف چیئرپرسنز کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی روشنی میں میٹرک دوسرے سالانہ امتحان 2026 کے لیے ریگولر و پرائیویٹ امیدواران کے داخلہ فارم جمع کروانے کا شیڈول جاری کر دیا ہے
راولپنڈی ،میٹرک دوسرے سالانہ امتحان 2026 کے لیے ریگولر و پرائیویٹ امیدواران کے داخلہ فارم جمع کروانے کا شیڈول جاری

مزید خبریں
راولپنڈی ۔10 اگست (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے پنجاب بورڈ کمیٹی آف چیئرپرسنز کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی روشنی میں میٹرک دوسرے سالانہ امتحان 2026 کے لیے ریگولر و پرائیویٹ امیدواران کے داخلہ فارم جمع کروانے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ترجمان تعلیمی بورڈ راولپنڈی ارسلان علی چیمہ کے مطابق ریگولر و پرائیویٹ امیدواران سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم 19 اگست 2026 تک، دوگنا فیس کے ساتھ 25 اگست 2026 تک اور تین گنا فیس کے ساتھ 29 اگست 2026 تک جمع کرا سکتے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ تین گنا فیس کے علاوہ 200 روپے یومیہ جرمانے کے ساتھ داخلہ فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ تمام سرکاری و بورڈ سے الحاق شدہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آن لائن داخلہ فارم مکمل کرنے کے بعد داخلہ کٹ لسٹ، آمدن و فیس فہرست، ارسال نامہ اور جمع شدہ داخلہ فیس کے چالان یا آن لائن جمع شدہ رسید کی نقل مقررہ تاریخ تک بورڈ کو دستی یا بذریعہ رجسٹرڈ ڈاک ارسال کریں۔
پرائیویٹ امیدوار آن لائن داخلہ فارم مکمل کرنے کے بعد مطلوبہ فیس ایم سی بی بینک یا آن لائن جمع کروائیں اور تصدیق شدہ داخلہ فارم کی ہارڈ کاپی بورڈ کے سہولت مرکز، بورڈ کیمپس مورگاہ، راولپنڈی میں دستی یا بذریعہ رجسٹرڈ ڈاک ارسال کریں۔ترجمان نے واضح کیا کہ تمام پرائیویٹ امیدواران اور ریگولر ادارہ جات فیس صرف متعلقہ آن لائن نظام سے جاری کردہ چالان پر ہی جمع کروائیں۔ علیحدہ دستی چالان پر جمع کروائی گئی فیس منسوخ تصور ہوگی، نہ اسے ایڈجسٹ کیا جائے گا اور نہ ہی واپس کیا جائے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ ریگولر و پرائیویٹ امیدواران داخلہ فارم آن لائن جمع کروانے کے لیے تعلیمی بورڈ راولپنڈی کی ویب سائٹ سے استفادہ کریں۔








