ویزا مسائل، نائیجیریا فلیگ فٹبال ورلڈ چیمپئن شپ 2026سے دستبردار

انٹرنیشنل فیڈریشن آف امریکن فٹ بال (آئی ایف اے ایف) نے ویزا مسائل کے باعث ڈسلڈورف 2026فلیگ فٹبال ورلڈ چیمپئن شپ سے نائیجیریا کی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کی دستبرداری کی تصدیق کر دی ہے۔

جنیوا ۔11اگست (اے پی پی):انٹرنیشنل فیڈریشن آف امریکن فٹ بال (آئی ایف اے ایف) نے ویزا مسائل کے باعث ڈسلڈورف 2026فلیگ فٹبال ورلڈ چیمپئن شپ سے نائیجیریا کی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کی دستبرداری کی تصدیق کر دی ہے۔ شنہوا کے مطابق انٹرنیشنل فیڈریشن آف امریکن فٹ بال ، نائیجیریا کے نیشنل سپورٹس کمیشن اور نائیجیرین فیڈریشن آف امریکن فٹبال نے ایک مشترکہ بیان میں بتایا کہ نائیجیرین وفد کو وقت پر ضروری ویزے حاصل نہ ہونے کی وجہ سے ٹیمیں ایونٹ سے دستبردار ہوئی ہیں۔ عالمی باڈی کے مطابق دونوں جانب سے ٹیموں کی جرمنی آمد کو ممکن بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں تاہم ویزے بروقت جاری نہ ہو سکے۔ آخری وقت میں دستبرداری کے باعث گروپ سٹیج میں نائیجیریا کے خلاف طے شدہ میچز میں حریف ٹیموں کو خودکار فتح دے دی جائے گی۔ تاہم نائیجیریا کے پاس لاس اینجلس 2028اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کا راستہ اب بھی کھلا ہے اور دونوں ٹیمیں 2027کی کنٹینینٹل چیمپئن شپ کے ذریعے اولمپک کوالیفکیشن مرحلے میں جگہ بنا سکتی ہیں، جہاں ابتدائی 2 پوزیشنز حاصل کرنے والی ٹیمیں لاس اینجلس اولمپکس کے آخری کوالیفائنگ مرحلے اولمپک کیو سیریز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔