سوڈان میں جاری تنازعہ، بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور امدادی فنڈز میں کمی کے باعث انسانی ضروریات بڑھ رہی ہیں ، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ سوڈان میں جاری تنازعے، بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور امدادی فنڈز کی کمی کے باعث ملک بھر میں انسانی ضروریات بڑھ رہی ہیں۔ شنہوا کے مطابق یہ انتباہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (او سی ایچ اے)نے گزشتہ روز بیان میں کیا

اقوام متحدہ۔11اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ سوڈان میں جاری تنازعے، بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور امدادی فنڈز کی کمی کے باعث ملک بھر میں انسانی ضروریات بڑھ رہی ہیں۔ شنہوا کے مطابق یہ انتباہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (او سی ایچ اے)نے گزشتہ روز بیان میں کیا۔ اوچا کے مطابق شمالی کردفان ریاست کے دارالحکومت الابیض کے اطراف بدامنی بدستور شہریوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے جس کے باعث نقل مکانی اور انسانی امداد کی ضرورت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ریاستی دارالحکومت کے گرد مشکل سکیورٹی صورتحال کے باوجود اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار الابیض میں متاثرہ افراد تک امداد پہنچا رہے ہیں۔ او سی ایچ اے کے مطابق شہر میں پانی کی شدید قلت کے دوران امدادی کارکنوں نے تقریباً 20 لاکھ لیٹر پینے کا صاف پانی فراہم کیا جس سے تقریباً 1 لاکھ 33 ہزار افراد مستفید ہوئے۔ ریاست مغربی دارفور میں عالمی ادارہ مہاجرت (آئی او ایم )نے بتایا کہ سربا کے علاقے میں گزشتہ ہفتے سے جاری لڑائی کے نتیجے میں 20 سے زائد دیہات سے اندازاً 18 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں، اطلاعات کے مطابق ان میں سے زیادہ تر افراد سرحد عبور کرکے چاڈ چلے گئے ہیں۔ ادارے نے بتایا کہ وسطی دارفور میں فنڈز کی کمی کے باعث حال ہی میں تین طبی مراکز بند ہوگئے جس سے تقریباً 75 ہزار بے گھر افراد بنیادی اور ضروری صحت کی سہولیات تک مناسب رسائی سے محروم ہوگئے ہیں۔ اوچا نے عطیہ دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ سوڈان کے لیے رواں سال کی انسانی امدادی اپیل کے لیے مزید فنڈز فراہم کریں۔ اس اپیل کے تحت مطلوبہ 2.9 بلین امریکی ڈالر میں سے اب تک صرف 1.2 بلین ڈالر موصول ہوئے ہیں، یعنی اپیل تقریباً 41 فیصد ہی پوری ہوسکی ۔ عالمی ادارے نے فریقین پر زور دیا کہ وہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں اور انسانی امداد کی تیز، محفوظ، بلا رکاوٹ اور مسلسل رسائی ممکن بنائیں۔ یواین سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے معمول کی بریفنگ میں بتایا کہ سوڈان کے لیے اقوام متحدہ کے سربراہ کے ذاتی ایلچی پیکا ہاویستو نے خانہ جنگی کے دونوں فریق یعنی سوڈانی مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد فریقین کے ساتھ مل کر جنگ بندی کی جانب پیش رفت اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کی کوشش کرنا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہپیکا ہاویستو کی ملاقاتوں میں اقوام متحدہ کے علاقائی شراکت دار بشمول افریقی یونین، عرب لیگ اور انٹرگورنمنٹل اتھارٹی آن ڈویلپمنٹ (IGAD) بھی شامل رہے ہیں۔

مزید خبریں