درجنوں یہودی آبادکاروں کا اسرائیلی فوج کی فول پروف سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا

درجنوں یہودی آبادکاروں نے اسرائیلی فوج کی فول پروف سکیورٹی میں منگل کو پھر مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا اور مسجد کے صحنوں میں تلمودی رسوم ادا کیں ۔ اسرائیلی پولیس اور فوج کے اہلکاروں نے اس موقع پر مسلمانوں کو مسجد میں داخل ہو نے سے روک دیا

مقبوضہ بیت المقدس۔11اگست (اے پی پی):درجنوں یہودی آبادکاروں نے اسرائیلی فوج کی فول پروف سکیورٹی میں منگل کو پھر مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا اور مسجد کے صحنوں میں تلمودی رسوم ادا کیں ۔ اسرائیلی پولیس اور فوج کے اہلکاروں نے اس موقع پر مسلمانوں کو مسجد میں داخل ہو نے سے روک دیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یہودی آباد کاروں کے گروہ جمعہ اور ہفتہ کو سرکاری تعطیلات کے علاوہ روزانہ دو اوقات میں مسجد اقصیٰ کے صحنوں پر دھاوا بولتے ہیں جس کا صبح کا دورانیہ صبح ساڑھے سات بجے سے دوپہر12 بجے تک اور دوپہر کے دھاوے کا دورانیہ ظہر کی نماز کے بعد شروع ہو کر 90 منٹ تک ہوتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 116 یہودی آباد کاروں نے قابض اسرائیلی پولیس کی سخت سکیورٹی حصار میں مسجد اقصیٰ کے مبارک صحنوں میں دھاوا بول دیا اور وہاں اشتعال انگیز گشت کیا۔ یہودی آباد کارباب المغاربہ جو کہ 1967ء سے مکمل اسرائیلی کنٹرول کے تحت ہےکے راستے سے قابض پولیس اور اس کی مسلح سپیشل فورسز کی سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں داخل ہوئے اور وہاں تلمودی رسومات اور عبادات ادا کیں ، مبینہ ہیکل بارے بریفنگ لی اور باب السلسلہ سے پہلے سے طے شدہ راستوں کے ذریعے مسجد سے باہر نکل گئے۔ اسرائیلی پولیس نے اس موقع پر مسلمان نوجوانوں اور نمازیوں پر سخت پابندیاں عائد کیں، ان میں سے کچھ کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے روک دیا، جبکہ آباد کاروں کے دھاووں کو محفوظ بنانے کے لیے بیرونی دروازوں پر بعض افراد کے شناختی کارڈ ضبط کر لیے گئے۔

مزید خبریں