پی ایم اینڈ ڈی سی کی ڈاکٹروں کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کی چھ ماہ میں تجدید کی ہدایت

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے تمام میڈیکل و ڈینٹل پریکٹیشنرز اور اسپیشلسٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ پی ایم اینڈ ڈی سی ایکٹ 2022ء اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت اپنے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کی تجدید چھ ماہ کے اندر مکمل کریں۔

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے تمام میڈیکل و ڈینٹل پریکٹیشنرز اور اسپیشلسٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ پی ایم اینڈ ڈی سی ایکٹ 2022ء اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت اپنے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کی تجدید چھ ماہ کے اندر مکمل کریں۔کونسل کے مطابق رجسٹریشن کی بروقت تجدید کا مقصد قانونی، پیشہ ورانہ، حفاظتی اور اخلاقی تقاضوں کی مسلسل پابندی یقینی بنانا، پروفیشنل رجسٹر کو درست اور تازہ ترین رکھنا اور ڈاکٹروں سمیت عوام کے مفادات کا تحفظ ہے۔

پی ایم اینڈ ڈی سی نے کہا کہ مستند اور قابلِ تصدیق رجسٹریشن ریکارڈ صحت کے نظام پر عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ لائسنس یافتہ اور رجسٹرڈ پریکٹیشنرز کا درست ریکارڈ برقرار رکھنے سے یہ یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے کہ صرف مجاز افراد ہی طبی اور ڈینٹل خدمات انجام دیں۔کونسل کے مطابق رجسٹریشن کی تجدید کا عمل اتائی پن، جعل سازی، رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کے غیر قانونی یا فراڈ پر مبنی استعمال اور غیر مجاز طبی پریکٹس کی روک تھام میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

جدید اور مستند رجسٹریشن ڈیٹا بیس کے ذریعے ایسے افراد کی حوصلہ شکنی کی جا سکے گی جو کسی رجسٹرڈ ڈاکٹر کی پیشہ ورانہ شناخت یا اسناد کا غلط استعمال کرتے ہیں۔پی ایم اینڈ ڈی سی نے کہا کہ رجسٹریشن ریکارڈ کی باقاعدہ تجدید اور تصدیق وفات پا جانے والے ڈاکٹروں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس یا دیگر پیشہ ورانہ اسناد کے غلط استعمال کے خلاف بھی اضافی حفاظتی اقدام ہے۔

رجسٹر کو مسلسل اپ ڈیٹ رکھنے سے کونسل کو پرانے یا غیر فعال ریکارڈز کی نشاندہی اور ضرورت کے مطابق ریگولیٹری کارروائی میں مدد ملے گی۔کونسل نے واضح کیا کہ درست اور مؤثر رجسٹریشن برقرار رکھنا ہر ڈاکٹر کی پیشہ ورانہ اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ رجسٹریشن کی باقاعدہ تجدید سے ڈاکٹروں کو ریگولیٹری تقاضوں کی پابندی برقرار رکھنے کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ حیثیت کا قابلِ تصدیق ثبوت بھی حاصل رہتا ہے۔پی ایم اینڈ ڈی سی کے مطابق تازہ ترین رجسٹریشن ریکارڈ ڈاکٹروں کے لیے پاکستان میں پیشہ ورانہ مواقع کے علاوہ بیرون ملک ملازمت، پوسٹ گریجویٹ تربیت، لائسنسنگ اور دیگر پیشہ ورانہ مواقع کے حصول میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

کونسل نے تمام ڈاکٹروں اور ڈینٹسٹس، بالخصوص ان افراد جن کی رجسٹریشن کی تجدید طویل عرصے سے زیر التوا ہے، سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ چھ ماہ کی مدت سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی رجسٹریشن کی تجدید جلد از جلد مکمل کریں۔ پی ایم اینڈ ڈی سی نے پریکٹیشنرز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کرنے کے بجائے بروقت رجسٹریشن کی تجدید یقینی بنائیں۔