علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ”پودے لگائو، ملک سنوارو“ کے عنوان سے مون سون شجرکاری مہم کا آغاز

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے چیلنجز سے نمٹنے اور یونیورسٹی کیمپس کو مزید سرسبز و شاداب بنانے کے لیے ”پودے لگائو، ملک سنوارو“ کے عنوان سے مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا۔

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے چیلنجز سے نمٹنے اور یونیورسٹی کیمپس کو مزید سرسبز و شاداب بنانے کے لیے ”پودے لگائو، ملک سنوارو“ کے عنوان سے مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا۔وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کوالٹی انہانسمنٹ سیل (کیو ای سی) کی عمارت کے سامنے مرکزی پارک میں ”کوریزیا“ کا پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے ڈینز، رجسٹرار، پرنسپل افسران اور شعبہ ہارٹیکلچر کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ درخت لگانا صرف ماحول کو خوبصورت بنانے کی سرگرمی نہیں بلکہ اجتماعی بقا، صحت مند معاشرے اور محفوظ مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے شجرکاری کو ایک اجتماعی قومی ذمہ داری کے طور پر اپنانا ہوگا۔وائس چانسلر نے کہا کہ”پودے لگائو، ملک سنوارو“ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک عملی تحریک ہے جس کا مقصد ہر فرد میں ماحولیاتی تحفظ کا احساس اجاگر کرنا اور پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے میں اجتماعی کردار کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ درخت فضائی آلودگی کم کرنے، ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے، درجہ حرارت میں کمی اور آنے والی نسلوں کے لیے بہتر ماحول کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے شعبہ ہارٹیکلچر کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی کیمپس میں ’’مصنوعی جنگل کے قیام‘‘ کے لیے ضروری انتظامات تیز کیے جائیں تاکہ کیمپس کو مزید ماحول دوست بنانے کے ساتھ ساتھ شجرکاری کے ایک موثر اور پائیدار ماڈل کو بھی فروغ دیا جاسکے۔ شعبہ زرعی سائنس کے ہارٹیکلچر آفیسر وجیح الحسن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے پہلے مرحلے میں یونیورسٹی کے مختلف مقامات پر ’’70 پھول دار پودے ‘‘ لگائے جارہے ہیں جبکہ مون سون شجرکاری مہم کے دوران مجموعی طور پر 200 پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد نے بتایا کہ مہم کے دوران لگائے جانے والے پودوں میں سے 70 فیصد پودے یونیورسٹی میں پہلے سے موجود پودوں سے تیار کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے اپنے وسائل سے پودوں کی تیاری شجرکاری کے عمل کو پائیدار بنانے کے ساتھ ساتھ دستیاب وسائل کے موثر استعمال کی بھی عکاس ہے۔بعد ازاں یونیورسٹی کے ڈینز، رجسٹرار اور دیگر پرنسپل افسران نے بھی پودے لگائے۔

اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ یونیورسٹی میں شجرکاری، سبزہ کاری اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کو مزید وسعت دی جائے گی۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی اس مہم کا مقصد نہ صرف کیمپس کی خوبصورتی اور سرسبزی میں اضافہ کرنا ہے بلکہ طلبہ، اساتذہ اور ملازمین میں ماحولیاتی ذمہ داری، شجرکاری اور پائیدار ماحول کی اہمیت کے حوالے سے شعور کو بھی فروغ دینا ہے۔