ایف بی آر نےچکوال میں غیر قانونی سگریٹ تیار کرنے والی فیکٹری سیل کردی، 211 ملین روپے کا سازوسامان پکڑا گیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے غیر قانونی سگریٹ سازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چکوال میں خفیہ طور پر سگریٹ تیار کرنے والی فیکٹری کو سیل کردیا اور بڑی مقدار میں خام تمباکو، سگریٹ سازی کا سامان، ٹیکس سٹیمپ کے بغیر تیار شدہ سگریٹ اور مشینری قبضے میں لے لی۔ اس کارروائی میں ضبط کئے گئے سازوسامان کا تخمینہ تقریباً 211 ملین روپے لگایا گیا ہے۔

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے غیر قانونی سگریٹ سازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چکوال میں خفیہ طور پر سگریٹ تیار کرنے والی فیکٹری کو سیل کردیا اور بڑی مقدار میں خام تمباکو، سگریٹ سازی کا سامان، ٹیکس سٹیمپ کے بغیر تیار شدہ سگریٹ اور مشینری قبضے میں لے لی۔ اس کارروائی میں ضبط کئے گئے سازوسامان کا تخمینہ تقریباً 211 ملین روپے لگایا گیا ہے۔

یہ کارروائی ایف بی آر کے ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن اسلام آباد کی ٹیموں نے ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک کے تعاون سے کی۔ مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ٹیموں نے کلر کہار روڈ، چکوال پر دھارابی کے قریب واقع ہنٹر ٹوبیکو ایس ایم سی پرائیویٹ لمیٹڈ کے احاطے پر چھاپہ مارا۔تلاشی کے دوران انفورسمنٹ ٹیموں کو معلوم ہوا کہ مذکورہ فیکٹری میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے تحت لازمی ٹیکس سٹیمپ کے بغیر خفیہ طور پر غیر قانونی سگریٹ تیار کئے جا رہے تھے ۔

مزید برآں مذکورہ مینوفیکچرنگ یونٹ کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے ساتھ منسلک بھی نہیں کیا گیا تھا جو تمباکو کے شعبے کے مینوفیکچررز کے لیے لازمی تقاضا ہے۔کارروائی کے نتیجے میں تقریباً 12,600 کلوگرام خام تمباکو قبضے میں لیا گیا جو تقریباً 630,000 پیکٹ سگریٹ تیار کرنے کے لیے کافی تھا۔ اس کے علاوہ فلٹر راڈز، سگریٹ پیپر، ایلومینیم فوائل، پیکیجنگ میٹریل اور سگریٹ سازی میں استعمال ہونے والا دیگر سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ ضبط شدہ سامان سرکاری گودام منتقل کرکے مذکورہ سگریٹ فیکٹری کو سیل کردیا گیا۔

اس کارروائی کے نتیجہ میں ریونیو پر مرتب ہونے والے ممکنہ اثرات میں تقریباً 90 ملین روپے کی ممکنہ ٹیکس چوری کو روکا جا سکا ہے جو ضبط شدہ خام تمباکو سے تیار کیے جانے والے سگریٹ کی فروخت کے نتیجے میں ہو سکتی تھی۔ غیر قانونی فیکٹری کے احاطے میں موجود سٹاک پر عائد ڈیوٹی اور ٹیکسز کی ممکنہ چوری کے علاوہ کارروائی کے دوران ضبط اور سیل کی گئی مشینری اور دیگر سامان کی مالیت کا مجموعی تخمینہ 211 ملین روپے لگایا گیا ہے ۔ایف بی آر نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ قابل اطلاق ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی ادائیگی کے بغیر سگریٹ کی تیاری اور فروخت، نیز ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی پابندی نہ کرنا ، ٹیکس قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ بورڈ سگریٹ کی غیر قانونی تیاری کی روک تھام، قانونی کاروبار اور سرکاری محصولات کے تحفظ کے لیے سخت انفورسمنٹ اقدامات کر رہا ہے۔

غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف جاری تحقیقات مکمل ہونے پر قانون کے مطابق مزید کارروائی اور فوجداری مقدمات کا آغاز کیا جائے گا۔ایف بی آر نے غیر قانونی تمباکو مصنوعات کی تیاری اور ٹیکس چوری کی دیگر اقسام کے خلاف انفورسمنٹ کارروائیاں مزید تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ ٹیکس قوانین کی پابندی کرنے والے ٹیکس دہندگان اور قانون کی پاسداری کرنے والے کاروبار کے لیے مساوی مسابقتی ماحول کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید خبریں