راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں یومِ اقلیت کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب

راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں قومی یومِ اقلیت کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے کیک کاٹا۔ تقریب کا مقصد مذہبی اقلیتوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، ان کے آئینی حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی، مساوات اور رواداری کے فروغ کے عزم کا اعادہ تھا۔

راولپنڈی ۔11اگست (اے پی پی):راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں قومی یومِ اقلیت کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے کیک کاٹا۔ تقریب کا مقصد مذہبی اقلیتوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، ان کے آئینی حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی، مساوات اور رواداری کے فروغ کے عزم کا اعادہ تھا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اپنے تمام شہریوں کا یکساں وطن ہے اور مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی طالبات اور ملازمین معاشرے اور تعلیمی اداروں کا اہم اور قابلِ قدر حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کے مذہبی عقائد، عبادات اور مذہبی تہواروں کے احترام اور انہیں اپنے عقائد پر آزادانہ عمل کا حق دینا محض رسمی تقاضا نہیں بلکہ ایک عوامی جامعہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947ء کے تاریخی خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو بلاامتیاز مذہب مساوی حقوق اور وقار حاصل ہے۔ ان کے مطابق مساوات، احترام اور شمولیت ایسی اقدار ہیں جن کا اظہار صرف یومِ اقلیت تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں پورے سال ادارے کے رویوں، پالیسیوں اور روزمرہ معاملات کا حصہ بنانا ضروری ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں اقلیتی طالبات اور ملازمین یونیورسٹی برادری کا برابر کا حصہ ہیں اور انہیں مساوی مواقع، احترام اور وقار فراہم کرنا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔تقریب کے دوران قومی یومِ اقلیت کے حوالے سے منعقدہ پوسٹر ڈیزائن اور مضمون نویسی کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ پوسٹر ڈیزائن مقابلے میں بی ایس فائن آرٹس کی طالبہ عروج فاطمہ، جبکہ مضمون نویسی کے مقابلے میں بی ایس کیمسٹری کی طالبہ سویرا رضا نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

وائس چانسلر نے کامیاب طالبات کو مبارکباد دی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور فعال شرکت کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے افسران، فیکلٹی اور عملے کے ہمراہ یومِ اقلیت کے حوالے سے کیک کاٹا اور اقلیتی برادریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 

مزید خبریں