وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے بیلاروس کے وزیر توانائی کی ملاقات، اقتصادی تعاون مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے جمہوریہ بیلاروس کے وزیر توانائی ڈینس موروز نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری اور پاکستان و بیلاروس کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے جمہوریہ بیلاروس کے وزیر توانائی ڈینس موروز نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری اور پاکستان و بیلاروس کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر خزانہ نے بیلاروس کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ روابط کا ذکر کیا اور کہا کہ اقتصادی تعاون کے بڑھتے ہوئے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے لیے تجارتی روابط اور سرمایہ کاری کے حجم میں اضافہ ضروری ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی روابط کو فروغ دینے کے لیے مشاورت کا عمل مزید وسیع کیا جانا چاہیے۔ ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان صنعتی تعاون، زراعت، تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع تر ایجنڈے پر بھی گفتگو ہوئی۔ بیلاروسی وفد نے ان شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔وزیر خزانہ نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں جاری روابط کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے اور پاکستان و بیلاروس کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بیلاروسی حکام کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بیلاروس کے وزیر توانائی ڈینس موروز نے وزیر خزانہ کی جانب سے تعاون کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ملاقات میں وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری کے علاوہ بیلاروس کے وفد کے ارکان، پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میتلیسا، صنعت کے اول نائب وزیر وکٹر شیٹکو، وزارت خارجہ بیلاروس کے ڈائریکٹر شعبہ آندرے پروکوپچک اور نیشنل بینک آف دی ریپبلک آف بیلاروس کے وکٹر نیکیتن نے شرکت کی۔ وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔