آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہو چکے ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن کو واضح برتری حاصل ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہو چکے ہیں جن میں پاکستان مسلم لیگ ن کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے، تیسرے مرحلے کے اختتام پر مسلم لیگ(ن) 24 نشستیں حاصل کر چکی ہے، فارمولے کے تحت 3 خواتین اور 3 دیگر مخصوص نشستیں بھی (ن) لیگ کو ملیں گی۔

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہو چکے ہیں جن میں پاکستان مسلم لیگ ن کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے، تیسرے مرحلے کے اختتام پر مسلم لیگ(ن) 24 نشستیں حاصل کر چکی ہے، فارمولے کے تحت 3 خواتین اور 3 دیگر مخصوص نشستیں بھی (ن) لیگ کو ملیں گی۔

بدھ کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں میں اوورسیز، ٹیکنوکریٹ اور علماء و مشائخ کی سیٹیں شامل ہیں، مسلم لیگ(ن) کی مجموعی طور پر کل نشستوں کی تعداد 30 ہو جائے گی، اگلے ہفتے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا، اسمبلی اجلاس میں اراکین کا حلف اور مخصوص نشستوں پر الیکشن ہوگا، اگلے ہفتے ہی سپیکر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب بھی مکمل کر لیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ایک مستحکم اور مضبوط حکومت قائم ہونے جارہی ہے، موجودہ حالات کے پیش نظر آزاد کشمیر میں مضبوط حکومت کا قیام ضروری ہے، آزاد جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر انتخابات صاف، شفاف اور کریڈیبل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں کسی بھی بدنظمی یا دھاندلی کی کارروائی کے خلاف زیرو ٹالرنس رہی ہے، ایل اے 6 میرپور میں پولنگ سٹیشن سے بیلٹ باکس اٹھانے والے امیدوار کو فوری گرفتار کیا گیا، انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات پر مبارکباد دیتا ہوں۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ شفاف الیکشن سے الیکشن کمیشن، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ میں اضافہ ہوا، حویلی میں ہمارے امیدوار محسن عزیز کی دھاندلی کی شکایت پر شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، امید ہے الیکشن کمیشن حویلی کے حلقے سے متعلق شکایات کا ازالہ میرٹ پر کرے گا۔

 

مزید خبریں