پی ڈی ایم اے کا صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے پانچویں سپیل کا الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے پانچویں سپیل کا الرٹ جاری کردیا،12 سے15 اگست تک بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

لاہور۔12اگست (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے پانچویں سپیل کا الرٹ جاری کردیا،12 سے15 اگست تک بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق12 اگست سے 15 اگست تک شمال مشرقی پنجاب کے اضلاع سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہائوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب ، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈی جی خان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح13 اگست کی شام/رات سے 15 اگست تک مری ،راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔

ترجمان کے مطابق اس دوران لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے جبکہ مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا ہے، ڈی جی نے کہا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے، کیونکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، اس حوالے سے محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔

ڈی جی سیف انور جپہ شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں کیونکہ مون سون سیزن میں کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ڈی جی سیف انور جپہ نے مزید کہا کہ عوام بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔