نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ نے وفود کی سطح پر مذاکرات کی قیادت کی

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ آئیڈےنے جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات کی قیادت کی۔

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ آئیڈےنے جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات کی قیادت کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں جانب سے تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، بحری امور اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقوں نے ناروے میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

فریقین نے پاکستان اور ناروے کے درمیان گرمجوش اور دوستانہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے حالیہ ایران-امریکا تنازعہ کے دوران پاکستان کے اہم اور تعمیری کردار کو سراہا، جس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور خدمات بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں