لاہور سمیت صوبہ بھر میں جشن آزادی کی 300 تقریبات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی،آئی جی پنجاب

پنجاب پولیس نے79 ویں جشن آزادی کے موقع پرصوبہ بھر میں سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے جاری بیان میں یوم آزادی پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور ملک دشمن و جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

لاہور۔13اگست (اے پی پی):پنجاب پولیس نے79 ویں جشن آزادی کے موقع پرصوبہ بھر میں سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے جاری بیان میں یوم آزادی پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور ملک دشمن و جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں جشن آزادی کی 300 سے زائد تقریبات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ 28 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے تمام سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

انہوں نے بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر تعینات پولیس جوانوں کو فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو جشن آزادی کے سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کا حکم دیا ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، انٹیلی جنس ایجنسیاں، پٹرولنگ، ڈولفن سکواڈ، پیرو اور ٹریفک پولیس بہترین انتظامات یقینی بنائیں۔ ہلڑ بازی، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، سڑکیں بلاک کرنے اور خواتین کو تنگ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کے دائرے میں رہ کر جشن آزادی منائیں اور تہذیب کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کے تحت 306 ایلیٹ ٹیمیں، 177 کیو آر ایف، 911 موٹر سائیکل ٹیمیں اور 829 پولیس گاڑیاں پٹرولنگ کریں گی جبکہ 128 واک تھرو گیٹس اور 1122 میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے سکیورٹی چیکنگ کی جائے گی۔شیخوپورہ ریجن میں 1672، گوجرانوالہ 3075، راولپنڈی 2994 اور سرگودھا ریجن میں 1129 افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔اسی طرح فیصل آباد ریجن میں 3515، ملتان 2818، ساہیوال 1578، ڈیرہ غازی خان 1256 اور بہاولپور ریجن میں 2678 افسران و اہلکار جشن آزادی کے موقع پر سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

مزید خبریں