آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی کمانڈ کانفرنس، یوم آزادی پر مجموعی صورتحال سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی کمانڈ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی، ٹریفک، سیف سٹی مانیٹرنگ، شہری سہولت اور شہر کی مجموعی صورتحال سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی کمانڈ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی، ٹریفک، سیف سٹی مانیٹرنگ، شہری سہولت اور شہر کی مجموعی صورتحال سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے اہم مقامات، تقریبات اور عوامی اجتماعات کے اطراف اضافی نفری تعینات کرنے، داخلی و خارجی راستوں کی موثر نگرانی اور شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی بھرپور موجودگی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی کمانڈ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد پولیس کے تمام سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

کانفرنس میں یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی، ٹریفک، سیف سٹی مانیٹرنگ، شہری سہولت اور شہر کی مجموعی صورتحال سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کانفرنس کے دوران یوم آزادی پر شہریوں کی بڑی تعداد کی مختلف تفریحی مقامات، اہم شاہراہوں اور عوامی اجتماعات کی جانب آمد کے پیش نظر جامع سکیورٹی پلان اور ٹریفک مینجمنٹ کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے اہم مقامات، تقریبات اور عوامی اجتماعات کے اطراف اضافی نفری تعینات کرنے، داخلی و خارجی راستوں کی موثر نگرانی اور شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی بھرپور موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے””No To Weapon مہم کے تحت غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کریک ڈائون مزید موثر بنانے، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے، اس کی نمائش یا ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔آئی جی اسلام آباد نے سیف سٹی کے ذریعے شہر کی موثر اور مسلسل نگرانی، اہم شاہراہوں اور حساس مقامات کی مانیٹرنگ اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں فوری پولیس رسپانس یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ہوٹل آئی سافٹ ویئر کے ذریعے ہوٹلز میں آنے والے افراد کے اندراج اور ریکارڈ کی موثر نگرانی کے ساتھ ساتھ مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔مزید برآں یوم آزادی کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اہم شاہراہوں، چوکوں، تفریحی مقامات اور تقریبات کے مقامات پر اضافی ٹریفک نفری تعینات کرنے اور شہریوں کو آمد و رفت میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر پارکنگ، متبادل ٹریفک روٹس اور رش والے مقامات پر ٹریفک مینجمنٹ کو بھی موثر بنانے پر زور دیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے تمام متعلقہ یونٹس کو سکیورٹی، ٹریفک، سیف سٹی، ہوٹل آئی اور دیگر شعبوں کے درمیان موثر رابطہ اور باہمی کوآرڈینیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی صورتحال میں فوری اور مربوط ردعمل دیا جا سکے۔

انہوں نے سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں موجود پولیس اہلکار شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے واضح کیا کہ یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی، ٹریفک اور شہری سہولت کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی عملداری اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے مکمل تیاری کے ساتھ فرائض انجام دے گی تاکہ شہری آزادی کی خوشیاں محفوظ، پرسکون اور خوشگوار ماحول میں منا سکیں۔