پاکستان کے قیام کا عظیم مقصد صرف آزاد وطن کا حصول نہیں بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے تحفظ اور مضبوط، خودمختار و باوقار اسلامی ریاست کا قیام بھی تھا، ظفر بختاوری

پاکستان کے قیام کا عظیم مقصد صرف آزاد وطن کا حصول نہیں بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے تحفظ اور مضبوط، خودمختار و باوقار اسلامی ریاست کا قیام بھی تھا، ظفر بختاوری

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام کا عظیم مقصد صرف ایک آزاد وطن کا حصول نہیں بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے تحفظ، مظلوم انسانیت کی حمایت اور ایک مضبوط، خودمختار و باوقار اسلامی ریاست کا قیام بھی تھا اور ایٹمی طاقت بننے سے لے کر مکہ معاہدے تک پاکستان اس تاریخی ذمہ داری کی تکمیل کی جانب عملی پیش رفت کر چکا ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں سعودی عرب کے بعد دیگر مسلم ممالک بھی اس سفر کا حصہ بنیں گے اور پاکستان ان شاء اللہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے ایک مضبوط محافظ، توانا، خوشحال اور باوقار ملک بن کر ابھرے گا ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پروفیشنل نرسنگ کالج اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام آئی سی سی آئی میں منعقدہ یوم آزادی کی پروقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نرسنگ کے شعبے سے وابستہ طلبہ و طالبات، اساتذہ، تعلیمی ماہرین، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی اور ملی جذبے سے ہوا جبکہ پورا ہال قومی پرچموں، سبز و سفید رنگوں اور پاکستان سے محبت کے اظہار سے سجا ہوا تھا۔ اپنے خطاب میں ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان صرف ایک جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ ایک نظریہ، ایک عزم اور کروڑوں لوگوں کی امیدوں کا مرکز ہے اور آج پاکستان اپنی مضبوط دفاعی صلاحیت، قومی یکجہتی اور باصلاحیت نوجوان نسل کے عزم کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان کی مضبوط دفاعی صلاحیت اور قومی اتحاد نے عالمی سطح پر ملک کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ملکی سلامتی، دفاع اور قومی استحکام کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے، پاکستان کی ترقی کا اصل سرمایہ اس کی نوجوان نسل ہے جسے تعلیم، تحقیق، جدید علوم، ٹیکنالوجی، محنت اور کردار سازی کے ذریعے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،تعلیم یافتہ، ہنرمند اور باکردار نوجوان ہی پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنا کر دنیا میں باوقار مقام دلا سکتے ہیں۔ظفر بختاوری نے کہا کہ نرسنگ ایک مقدس شعبہ اور خدمت انسانیت کا عظیم مشن ہے، نرسز صحت کے شعبے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت بھی کرتے ہیں۔

انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنے شعبے میں مہارت حاصل کرنے کے ساتھ اخلاق، دیانت اور انسانیت کی خدمت کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو صرف ڈگریاں حاصل کرنے تک محدود نہ رہیں بلکہ اپنے علم اور صلاحیتوں کو قومی ترقی کے لیے استعمال کریں۔تقریب سے نائب صدر آئی سی سی آئی عرفان چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ محنت، دیانت داری اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتیں ملک و قوم کی بہتری کے لیے بروئے کار لانی چاہئیں،سابق وزیر تعلیم سندھ قادر بخش بلوچ نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے اسلاف کی قربانیوں سے آگاہی حاصل کرکے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے،

پروفیشنل نرسنگ کالج اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی پرنسپل زینت اسلام نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ طلبہ کو معیاری تعلیم اور جدید پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ان میں خدمت انسانیت اور حب الوطنی کا جذبہ اجاگر کرنے کے لیے بھی کوشاں ہے،تعمیرِ ملت یونیورسٹی کی ڈین کائنات عصمت نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور تعلیم، تحقیق، کردار سازی اور نوجوانوں کی مثبت تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب میں یوم آزادی کی مناسبت سے طلبہ و طالبات نے چاروں صوبوں کے ثقافتی رنگوں کو اجاگر کرتے ہوئے خوبصورت ٹیبلوز، ثقافتی خاکے اور ملی نغمے پیش کیے۔ نوجوانوں کی پرجوش پرفارمنس نے تقریب میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور پاکستان سے محبت کے جذبات کو مزید اجاگر کیا جسے شرکا نے بھرپور سراہا۔