نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے زیر اہتمام یوم آزادی پاکستان کے موقع پر نیوٹیک سینٹر آف ایکسیلنس میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت چیئرمین نیوٹیک انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کی
نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے زیر اہتمام یوم آزادی پاکستان کے موقع پر نیوٹیک سینٹر آف ایکسیلنس میں پروقار تقریب

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے زیر اہتمام یوم آزادی پاکستان کے موقع پر نیوٹیک سینٹر آف ایکسیلنس میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت چیئرمین نیوٹیک انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کی۔ تقریب میں نیوٹیک کے تربیتی پروگراموں میں حصہ لینے والے نوجوانوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر ملی نغمے، تقاریر اور وطن عزیز سے محبت کے اظہار پر مبنی مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جس سے تقریب کا ماحول حب الوطنی کے جذبے سے سرشار رہا۔ چیئرمین نیوٹیک انجینئر قمر الاسلام راجہ نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
نیوٹیک نوجوانوں کو جدید، معیاری اور عالمی سطح پر قابل قبول فنی و پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر سے آراستہ کر کے انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور ملکی تعمیر و ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا نیوٹیک کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انجینئر قمر الاسلام راجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیوٹیک نوجوانوں کی فنی تربیت اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے سفر کو مزید وسعت دے گا تاکہ وہ نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا موثر اظہار کر سکیں۔تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔








