پاکستان ہاکی ٹیم کی8سال بعد عالمی کپ میں واپسی ،آج انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی

پاکستان ہاکی ٹیم آٹھ سال کے طویل وقفے کے بعد عالمی کپ میں واپسی کرتے ہوئے ہفتہ کی رات انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ٹیم منیجر محمد اویس قرنی کے مطابق ایمسٹیلوین کے ویگنر سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات10 بجے شروع ہوگا۔

لاہور۔15اگست (اے پی پی):پاکستان ہاکی ٹیم آٹھ سال کے طویل وقفے کے بعد عالمی کپ میں واپسی کرتے ہوئے ہفتہ کی رات انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ٹیم منیجر محمد اویس قرنی کے مطابق ایمسٹیلوین کے ویگنر سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات10 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان نے2023 کے ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کی تھی، تاہم اس بار نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم عالمی سطح پر اپنی واپسی کو یادگار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہیں اور پہلے میچ کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔

سکواڈ میں کپتان ابوبکر محمود اور عماد شکیل بٹ ایسے نمایاں کھلاڑی ہیں جنہیں ورلڈ کپ کا سابقہ تجربہ حاصل ہے جبکہ بیشتر کھلاڑی پہلی بار اس بڑے ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔ قومی ٹیم نے ورلڈ کپ سے قبل نیدرلینڈز میں جنوبی افریقہ اور جاپان کے خلاف پریکٹس میچز کھیلے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کو3-1 سے شکست ہوئی، تاہم جاپان کے خلاف گرین شرٹس نے2-1 سے کامیابی حاصل کی۔ ان مقابلوں کے ذریعے ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو میچ کے مختلف حالات کے لیے تیار کرنے کی کوشش کی۔ دوسری جانب عالمی نمبر تین انگلینڈ کو ٹورنامنٹ کے مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

انگلش ٹیم منظم دفاع، دبائو بڑھانے والی حکمت عملی اور پنالٹی کارنر پر موثر کھیل کے باعث پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ہوگی۔ زیک والیس، نک بینڈورک، سیم وارڈ اور فل روپر انگلینڈ کے اہم کھلاڑیوں میں شامل ہیں ۔پاکستان اور انگلینڈ کے ساتھ پول ڈی میں روایتی حریف بھارت اور ویلز بھی شامل ہیں، اس لیے قومی ٹیم کے لیے ابتدائی مرحلے میں ہر میچ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ اس بار ورلڈ کپ میں روایتی کوارٹر فائنل فارمیٹ کی بجائے نیا کراس اوور پول نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے کے بعد ٹیموں کو مزید پولز میں تقسیم کیا جائے گا۔ پاکستان عالمی کپ کی تاریخ میں چار مرتبہ ٹائٹل جیتنے والی ٹیم ہے۔ قومی ٹیم نے 1971، 1978، 1982 اور 1994 میں عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔