وائس چانسلر اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کو تمغۂ امتیاز سے نواز ا گیا

صدر مملکت آصف علی زرداری نے جشنِ آزادی کے موقع پر شعبۂ تعلیم میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کو تمغۂ امتیاز سے نوازا۔

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے جشنِ آزادی کے موقع پر شعبۂ تعلیم میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کو تمغۂ امتیاز سے نوازا۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ قومی اعزاز تعلیم کے فروغ، معیاری تعلیم کی فراہمی، اساتذہ کی ترقی، تحقیق کے فروغ اور تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے ان کی نمایاں خدمات کا اعتراف ہے۔

ان کی قیادت اور بصیرت نے تعلیمی شعبے میں مثبت اور مؤثر اقدامات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے لیے تمغۂ امتیاز نہ صرف ان کی خدمات کا قومی سطح پر اعتراف ہے بلکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے لیے بھی باعثِ فخر اعزاز ہے۔ یونیورسٹی کے ڈینز، پروفیسرز اور پرنسپل افسران نے وائس چانسلر کو مبارک باد دیتے ہوئے اسے یونیورسٹی کے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔