پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث ہم آزاد اور پُرامن زندگی گزار رہے ہیں،گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث ہم آج آزاد اور پُرامن زندگی گزار رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سکائوٹس کیڈٹ کالج بٹراسی مانسہرہ میں یوم آزادی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

مانسہرہ۔ 15 اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث ہم آج آزاد اور پُرامن زندگی گزار رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سکائوٹس کیڈٹ کالج بٹراسی مانسہرہ میں یوم آزادی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ قیام پاکستان کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دیں جبکہ پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث ہم آج آزاد اور پُرامن زندگی گزار رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان سکائوٹس کیڈٹ کالج بٹراسی معیاری تعلیم،کردار سازی اور طلبہ کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ مختلف شعبوں میں ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں،گورنر فیصل کریم کنڈی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتیں اور توانائیاں ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے بروئے کار لائیں اور عملی زندگی میں وطن کی خدمت کو اولین ترجیح دیں،انہوں نے طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ادارے کی انتظامیہ کی خدمات کو سراہا۔

کالج کے پرنسپل بریگیڈیئر (ر) عبدالحفیظ نے گورنر اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں سکیورٹی فورسز نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ہے،پاک فوج کی موجودگی میں کوئی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،انہوں نےکہا کہ پاکستان سکائوٹس کیڈٹ کالج بٹراسی کی بنیاد سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو نے مستقبل کے معمار اور باصلاحیت قیادت تیار کرنے کے مقصد سے رکھی تھی،ادارے سے ہزاروں طلبہ فارغ التحصیل ہوچکے ہیں۔

قبل ازیں کالج پہنچنے پر گورنر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،انہوں نے کالج کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کا اثاثہ قرار دیا۔ اس موقع پر گورنر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان سکائوٹس کیڈٹ کالج کے مجوزہ قیام اور فروغ تعلیم کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر انہوں نے کالج کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ کی،انہوں نے پرچم کشائی کی اور کیک بھی کاٹا ، انہوں نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور ملکی سلامتی،استحکام اور ترقی کے لیے دعا کی۔