ایف آئی اے امیگریشن کائونٹر پر جذبہ حب الوطنی ، مسافروں نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر یوم آزادی منایا

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے امیگریشن افسران اور عملے نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کے ساتھ پاکستان کے یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کی، یوم آزادی کے موقع پر ایف آئی اے اہلکار اور مسافر قومی جذبے اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نظر آئے۔

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے امیگریشن افسران اور عملے نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کے ساتھ پاکستان کے یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کی، یوم آزادی کے موقع پر ایف آئی اے اہلکار اور مسافر قومی جذبے اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نظر آئے۔

ایف آئی اے کے ایک اہلکار نے ہفتہ کو اے پی پی کو بتایا کہ یوم آزادی کی مناسبت سے تقریبات 14 اگست کو ہوائی اڈے پر منعقد کی گئیں، جہاں پر امیگریشن حکام نے اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھتے ہوئے قومی دن کو منایا۔انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے کے اہلکاروں اور مسافروں نے مل کر یوم آزادی منایا، یوم آزادی کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور ہوائی اڈے پر قومی جشن منایا۔تقریبات میں امیگریشن حکام کے ساتھ مسافروں کی شرکت نے تقریبات کے ماحول میں خوشگوار اضافہ کیا اوریہ لمحات ایئرپورٹ سے گزرنے والے مسافروں کے لیے یادگار بن گئے۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون نے کہا کہ ایجنسی ملک کی سرحدوں اور شہریوں کی حفاظت کے لیے چوکس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر اپنی ذمہ داریوں کو عزم کے ساتھ ادا کرنے کے حوالہ سے مزید تقویت ملی ہے۔ ایف آئی اے حکام نے اس موقع پر "پاکستان زندہ باد” کے پیغام کے ساتھ ملک کی خدمت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔