عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے.شیخ آفتاب احمد

رکن قومی اسمبلی و سپریم جوڈیشل کونسل شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ ضلع اٹک کی تعمیر و ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان کے ثمرات سے جلد مستفید ہو سکیں۔

اٹک۔ 15 اگست (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی و سپریم جوڈیشل کونسل شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ ضلع اٹک کی تعمیر و ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان کے ثمرات سے جلد مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیئرمین واسا چوہدری شیر علی، رکن صوبائی اسمبلی ملک اعتبار خان، ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ، ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلع بھر کے مختلف سرکاری محکموں کے افسران، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر و چیئرمین ہیلتھ کمیٹی اٹک ملک حمید اکبر، تحصیل صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں شاہنواز شانی اور دیگر متعلقہ افسران و افراد نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع اٹک میں سالانہ ترقیاتی پروگرام سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے اجلاس کو جاری ترقیاتی سکیموں، ان کی موجودہ صورتحال، تکمیل کی پیش رفت اور درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع اٹک میں 33 بڑی ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے، جن پر مجموعی طور پر 21,150.32 ملین روپے لاگت آئے گی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، تعمیراتی کام کے معیار، فنڈز کے مؤثر استعمال اور عوامی مفاد کو ترجیح دینے پر خصوصی زور دیا گیا۔

شیخ آفتاب احمد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ذریعے مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔اجلاس میں ضلع اٹک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی پولیس آفیسر سمیت متعلقہ افسران نے امن و امان، جرائم کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔