عرفان چوہدری کا عہدہ سنبھالنا آئی سی سی آئی کے چھوٹے تاجروں کے لیے باعث فخر ہے، ظفر بختاوری

عرفان چوہدری کا عہدہ سنبھالنا آئی سی سی آئی کے چھوٹے تاجروں کے لیے باعث فخر ہے، ظفر بختاوری

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):ڈی واٹسن گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ محمد عرفان چوہدری کا آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالنا اسلام آباد کی تاجر برادری اور پوری تاجر برادری کے لیے باعث فخر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عرفان چوہدری کو چارج سنبھالنے پر مبارکباد دینے کے لیے آئی سی سی آئی کے دورے کے دوران کیا۔ظفر بختاوری نے کہا کہ چوہدری عرفان کو قائم مقام صدر کی کرسی پر براجمان دیکھنا اسلام آباد کے چھوٹے تاجروں کے لیے خاصا حوصلہ افزا تھ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر کے لیے یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ ان کی قیادت میں ایک مخلص اور پرعزم کاروباری رہنما موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری عرفان نے یہ ذمہ داری اپنی محنت، خلوص اور تاجر برادری کے لیے مسلسل خدمات سے حاصل کی ہے۔چوہدری عرفان کو آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے ظفر بختاوری نے کہا کہ چیمبر کے ساتھ ان کی طویل وابستگی اور تاجروں اور صنعت کاروں کے لیے ان کی لگن نے انہیں تاجر برادری میں ایک قابل احترام شخصیت بنا دیا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ کاروباری مسائل کے حل کے لیے چیمبر کی وکالت کو مزید تقویت دینے کے لیے اپنے تجربے اور توانائی کا استعمال کریں گے۔ عرفان چوہدری نے ظفر بختاوری کا چیمبر کا دورہ کرنے اور مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر کے قائم مقام صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے ۔ آئی سی سی آئی وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کا باوقار نمائندہ ادارہ ہے جس میں تجارت، صنعت، خدمات اور دیگر شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی حکومت اور نجی شعبے کے درمیان ایک پل کے طور پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے، تاجروں کو سہولت فراہم کرنے، تاجروں کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کاروباری ماحول کی تشکیل پر توجہ مرکوز رکھے گا۔انہوں نے آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے اعتماد پر اظہار تشکر کیا اور یقین دلایا کہ میں ان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود اور سینئر نائب صدر طاہر ایوب کی قیادت م اسلام آباد چیمبر کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد تاجروں کا ایک وفد اس وقت استنبول میں موجود ہے جس کے ساتھ چیمبر کی بین الاقوامی رسائی بھی زور پکڑ رہی ہے۔

وفد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور بزنس ٹو بزنس پارٹنرشپ کی نئی راہیں تلاش کر رہا ہے۔اس دورے کے ایک حصے کے طور پر، استنبول میں ایک اعلیٰ سطحی کاروباری مواقع کانفرنس اور بین الاقوامی گلوبل ایوارڈز کی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں ترکیہ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی سرکردہ کاروباری شخصیات، استنبول چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے اور اعلیٰ سرکاری حکام شامل ہوں گے۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر عرفان چوہدری اور سینئر ممبران اعزاز محمد اور ساجد اقبال بھی موجود تھے۔