پانی کے معیار کی نگرانی بہتر بنانے کے لیے 46 لیبارٹریوں میں جدید آلات نصب، 9موبائل واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹریاں فعال

پانی کے معیار کی نگرانی اور جانچ کے نظام کو مضبوط بنانے کے منصوبہ کے تحت اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی 46 لیبارٹریوں میں پانی کی جانچ کے آلات نصب کر دیئے گئے جبکہ 9 موبائل واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹریاں بھی فعال کر دی گئیں۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق منصوبے کے تحت پائیدار ترقی کے ہدف (ایس ڈی جی) 6 کے مطابق پانی کے معیار کی نگرانی، …

اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):پانی کے معیار کی نگرانی اور جانچ کے نظام کو مضبوط بنانے کے منصوبہ کے تحت اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی 46 لیبارٹریوں میں پانی کی جانچ کے آلات نصب کر دیئے گئے جبکہ 9 موبائل واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹریاں بھی فعال کر دی گئیں۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق منصوبے کے تحت پائیدار ترقی کے ہدف (ایس ڈی جی) 6 کے مطابق پانی کے معیار کی نگرانی، جانچ اور انتظامی نظام کو مضبوط بنایا گیا ہے جبکہ متعلقہ ادارہ جاتی اور پالیسی انتظامات میں بھی بہتری لائی گئی ہے۔منصوبے میں پانی کے معیار کی نگرانی اور جانچ سے متعلق اداروں اور اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

وفاقی اور صوبائی اداروں کے تکنیکی عملے کو تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ پانی کے معیار کی جانچ اور سروے موثر انداز میں کر سکیں۔اس اقدام کے تحت کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے تعاون سے اسلام آباد کے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس میں پانی کے معیار کا جائزہ لیا گیا جبکہ ضرورت کے مطابق فلٹرز بھی تبدیل کیے گئے۔منصوبے کے تحت ایک جامع قومی رپورٹ بھی تیار کی گئی ہے جس میں ایس ڈی جی 6 اور آبی وسائل کے انتظام سے متعلق پاکستان کے قانونی اور انتظامی نظام کو بہتر بنانے کے لیے سفارشات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کے پانی کی فراہمی کے نظام کے لیے سمارٹ واٹر مینجمنٹ ایکشن پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔دستاویزات کے مطابق جامع معلوماتی نظام، نگرانی و جائزے اور باقاعدہ رپورٹنگ کے ذریعے وفاقی سطح پر پانی کے معیار کی نگرانی کا نظام قائم کیا جا رہا ہے۔

منصوبے سے قبل ایسا کوئی جامع وفاقی نظام موجود نہیں تھا۔ یہ نظام ایس ڈی جی 6، بالخصوص ہدف 6.1 کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔یہ اقدام پینے کے پانی کے معیار سے متعلق باقاعدہ رپورٹنگ میں بھی مدد دے گا، جس سے عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، ہدفی علاقوں میں پانی کا معیار بہتر کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی نشاندہی اور محفوظ پینے کے پانی تک رسائی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔منصوبہ مرکزی معیار، جانچ اور نگرانی کے نظام کے قیام میں بھی معاونت کرے گا جو ایس ڈی جی 6 کے حصول کی کوششوں کا حصہ ہے۔

دستاویزات کے مطابق اس منصوبے سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے شہری اور نیم شہری علاقوں، بلدیاتی اداروں اور مقامی حکومتوں کے تحت رہنے والے پسماندہ طبقات کو براہ راست فائدہ پہنچے گا جبکہ بنیادی توجہ پینے کے پانی کا معیار بہتر بنانے اور محفوظ پانی تک رسائی بڑھانے پر مرکوز رہے گی۔منصوبے کا کامیاب نفاذ مستقبل میں کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (کوئیکا) اور دیگر قومی و بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ پانی، صفائی اور حفظان صحت سے متعلق منصوبوں اور سرگرمیوں میں مزید تعاون کی راہ بھی ہموار کرے گا۔