شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں گوگل آفس کا افتتاح ڈیجیٹل معیشت پر عالمی اعتماد کا مظہر اور ایک نئے سنگ میل کی بنیاد ہے۔
گوگل آفس کا افتتاح کر کے وزیراعظم پاکستان نے ایک نئے سنگ میل کی بنیاد رکھ دی،گوگل کی پاکستان میں آمد ڈیجیٹل معیشت پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے،شزا فاطمہ خواجہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزافاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ گوگل آفس کا افتتاح کر کے وزیراعظم پاکستان نے ایک نئے سنگ میل کی بنیاد رکھ دی،گوگل کا پاکستان میں مقامی دفتر ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب اہم پیشرفت ہے۔منگل کو وزارت آئی ٹی وٹیلی کام سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ گوگل کی پاکستان میں آمد ڈیجیٹل معیشت پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے،گوگل کے مقامی دفتر کا قیام وزیر اعظم کے ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘‘ وژن کا عکاس ہے،حکومت پاکستان صلاحیتوں کو عالمی مواقع سے جوڑنے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی سے نوجوانوں، خواتین اور سٹارٹ اپس کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے،ڈیجیٹل مہارتوں، آرٹیفیشل انٹیلی جنس ، کلائوڈ ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھایا جائے گا، پاکستان میں مقامی طور پر تیار کردہ کروم بکس کی علاقائی ممالک میں برآمدات کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ گوگل اور بین الاقوامی ٹیکنالوجی لیڈرز کے تعاون سے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔








