انکروچمنٹ اور کچی آبادیوں کے نام پر پاکستان بننے سے پہلے یہاں آباد مکینوں کے حقوق سلب کرنے سے گریز کیاجائے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ انکروچمنٹ اور کچی آبادیوں کے نام پر پاکستان بننے سے پہلے یہاں آباد مکینوں کے حقوق سلب کرنے سے گریز کیاجائے

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ انکروچمنٹ اور کچی آبادیوں کے نام پر پاکستان بننے سے پہلے یہاں آباد مکینوں کے حقوق سلب کرنے سے گریز کیاجائے،متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک سے ایران -امریکہ جنگ کے دوران مختلف ممالک کے رہائشیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا جن میں پاکستانی بھی شامل تھے، ہم نے اپنے سفارتخانہ کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ کسی بے قصور کو نقصان نہ پہنچے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں مختلف اراکین کی جانب سے اٹھائے گئے نکتہ ہائے اعتراضات کے جواب میں انہوں نے ایوان کو بتایا کہ بیرون ملک کے میڈیکل اداروں سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو پیش آنے والی دشواریوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ لے کر ایوان کو آگاہ کریں گے، یہ معاملہ زیادہ تر سنٹرل ایشیائی ممالک سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو درپیش ہے، صدر مملکت کے دورہ کرغزستان کے موقع پر اس معاملہ پر بھی بات ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ ایران-امریکہ جنگ کے دوران خلیجی ممالک میں بھی میزائل داغے گئے جس سے نقصانات بھی ہوئے، اس میں کچھ پاکستانی بھی جاں بحق ہوئے، اس پر ان ممالک نے سخت سکیورٹی اقدامات اٹھائے، مختلف ممالک کے شہریوں کی سکروٹنی کی گئی اور کچھ لوگوں کو ڈی پورٹ بھی کیا گیا، ہم نے پوری کوشش کی کہ کسی پاکستانی کے خلاف غلط کارروائی نہ ہو، ہم نے ایسی تمام تفصیلات وزارت خارجہ کو ارسال کیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے پوش سیکٹرز میں کچی آبادیاں موجود ہیں جہاں بسنے والوں کا معیار زندگی ناقابل بیان ہے، ان کیلئے جامع پلان کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے، یہ انتہائی قیمتی اراضی ہے، اس پر سکیم بنائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں انکروچمنٹ اور کچی آبادیوں کے حوالے سے پیمانہ بنانے کی ضرورت ہے، کچی آبادیوں اور انکروچمنٹ کے نام پر پاکستان بننے سے قبل یہاں پر بسنے والے شہریوں کے حقوق کو سلب نہ کیا جائے، ان کی جائز بات سن کر اقدامات اٹھانے چاہئیں

ہم بھی انکروچمنٹ کے خلاف ہیں اور اس حوالے سے وزارت داخلہ جو بھی اقدامات اٹھائے گی ہم اس کے ساتھ ہیں تاہم کچی آبادیوں اور انکروچمنٹ کے نام پر اسلام آباد کے شہریوں کے حقوق سلب نہیں ہونے چاہئیں۔

 

مزید خبریں