"وفاق کی جانب سے صوبے کو فراہم کی جانے والی رقوم مستحق علاقوں کے بجائے من پسند مقامات پر خرچ ہونے سے ضم اضلاع کے عوام کے مسائل مزید بڑھ گئے ہیں، فیصل کریم کنڈی”
وفاق کی جانب سے صوبے کو فراہم کی جانے والی رقوم مستحق علاقوں کے بجائے من پسند مقامات پر خرچ کی گئیں، ضم اضلاع کے عوام کے مسائل کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئے ہیں، فیصل کریم کنڈی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے صوبے کو فراہم کی جانے والی رقوم مستحق علاقوں کے بجائے من پسند مقامات پر خرچ کی گئیں جس کے باعث ضم اضلاع کے عوام کے مسائل کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئے ہیں۔
وہ بدھ کو تیراہ سے تعلق رکھنے والی مظلوم عوامی تحریک کے رہنما امت گل کی قیادت میں وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد نے گورنر کو خیبر بالخصوص تیراہ کے مکینوں کو درپیش مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہلال احمر خیبرپختونخوا نے محدود وسائل کے باوجود ہمیشہ متاثرہ عوام کو بھرپور امداد فراہم کی ہے۔ قیام امن ہماری اولین ترجیح ہے جبکہ امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز اور صوبے کے عوام نے مثالی قربانیاں دی ہیں۔ ہمیں اپنی افواج، پولیس اور ایف سی پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے ساتھ مؤثر رابطہ اور کوآرڈی نیشن کے بغیر مسائل حل نہیں کر سکتی۔وفاق اور صوبے کے درمیان بہتر تعاون کے ذریعے ضم اضلاع کے عوام کے مسائل کا موثر حل ممکن ہے۔گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ وفاقی اور صوبائی محکموں سے متعلق مسائل متعلقہ حکام تک پہنچانے اور ان کے حل کے لیے وہ بھرپور تعاون کریں گے۔







