ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کا تجاوزات کے خلاف آپریشن، 19 دکانیں سیل، 8 افراد گرفتار
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کا تجاوزات کے خلاف آپریشن، 19 دکانیں سیل، 8 افراد گرفتار

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے شہر میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی دکانیں، ہوٹل اور سڑک کنارے قائم تجاوزات ختم کر دیں جبکہ 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
بدھ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر شالیمار کی زیر نگرانی کارروائی کے دوران ای الیون نالے پر قائم 19 غیر قانونی دکانیں سیل جبکہ 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے تمام غیر قانونی دکانوں کے مالکان کےخلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔اے سی شالیمار نے جی الیون گرین بیلٹ پر قائم غیر قانونی ہوٹل کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے اسے ہٹا دیا۔دوسری جانب اے سی سٹی نے بلیو ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے سڑک کنارے قائم تجاوزات ختم کر دیں اور 5 افراد کو گرفتار کر لیا۔اسسٹنٹ کمشنر صدر کی جانب سے مارگلہ ایونیو پر ہیوی ٹریفک موومنٹ کی خلاف ورزی کرنےوالوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی جس کے دوران 6 ٹرک اور ایک ٹریکٹر ٹرالی کو تھانے منتقل کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔







