نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حالیہ حوثی حملے میں تنزانیہ کے پرچم بردار تجارتی بحری جہاز پر زخمی ہونے والے چھ پاکستانی ملاح بحفاظت وطن واپس پہنچ گئے ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والے دو پاکستانی ملاحوں کی میتیں بھی پاکستان پہنچا دی گئی ہیں۔
حالیہ حوثی حملے میں زخمی ہونے والے 6 پاکستانی ملاح بحفاظت پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

مزید خبریں
اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حالیہ حوثی حملے میں تنزانیہ کے پرچم بردار تجارتی بحری جہاز پر زخمی ہونے والے چھ پاکستانی ملاح بحفاظت وطن واپس پہنچ گئے ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والے دو پاکستانی ملاحوں کی میتیں بھی پاکستان پہنچا دی گئی ہیں۔ سماجی رابطہ کے پلیٹ فارم ایکس پر جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ فریقوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ زخمی ملاحوں اور جاں بحق افراد کی میتوں کی محفوظ، باوقار اور جلد از جلد وطن واپسی کو یقینی بنایا جائے۔ نائب وزیراعظم نےجدہ میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل اور ریاض میں پاکستانی سفارت خانے کی بروقت اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا جنہوں نے یمن سے زخمی ملاحوں اور میتوں کی واپسی اور بعد ازاں ان کے پاکستان سفر میں سہولت فراہم کی، بالخصوص اس صورت حال میں جب یمن میں پاکستان کا کوئی سفارتی مشن موجود نہیں ہے۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ میں ایف آئی اے سمیت تمام متعلقہ فریقوں کی ان کوششوں کو بھی سراہتا ہوں جن کے باعث ان کی پاکستان میں آمد اور بعد ازاں انتظامات خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ میں سعودی وزارتِ خارجہ کے تعاون کو بھی دل کی گہرائیوں سے سراہتا ہوں بالخصوص جدہ میں فراہم کی جانے والی طبی امداد اور دیگر انتظامات پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ سمندری مسافروں اور ملاحوں کی حفاظت و سلامتی کو ہر وقت یقینی بنایا جانا چاہیے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہم زخمی ملاحوں اور غمزدہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں








