ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل کا پاکستان مونومنٹ اور اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ، یادگار شہدا پر حاضری اور پولیس پریڈ کا معائنہ کیا

ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سیری سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ اور اسلام آباد پولیس لائنز کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور پولیس کی خصوصی پریڈ کا معائنہ کیا۔

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سیری سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ اور اسلام آباد پولیس لائنز کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور پولیس کی خصوصی پریڈ کا معائنہ کیا۔

پاکستان مونومنٹ آمد پر فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملائیشین وزیر داخلہ نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر انہیں پاکستان مونومنٹ کے قیام اور اس کی تاریخی اہمیت پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی، جسے انہوں نے بے حد سراہا۔ بعد ازاں، معزز مہمان اسلام آباد پولیس لائنز پہنچے جہاں ان کے اعزاز میں ایک پروقار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کے خصوصی دستے نے انہیں سلامی دی، جبکہ بینڈ کے دستے نے پاکستان اور ملائیشیا کے قومی ترانوں کی دھنیں پیش کیں۔ ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور چاق و چوبند انداز کی تعریف کی۔

انہوں نے شاندار کارکردگی کے مظاہرے پر پولیس جوانوں میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) اسلام آباد علی ناصر رضوی، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی اسلام آباد سمیت داخلہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔