پی ٹی اے اور گوگل کے درمیان پاکستان میں بچوں کے آن لائن تحفظ کے پیش نظر مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)اور گوگل ایل ایل سی کے درمیان آج بچوں کے آن لائن تحفظ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے جس کا مقصد ملک میں بچوں، والدین، اساتذہ اور نگہداشت پر مامور افراد میں آن لائن تحفظ، آگاہی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا ہے ۔ جمعرات کوپی ٹی اے …

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)اور گوگل ایل ایل سی کے درمیان آج بچوں کے آن لائن تحفظ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے جس کا مقصد ملک میں بچوں، والدین، اساتذہ اور نگہداشت پر مامور افراد میں آن لائن تحفظ، آگاہی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا ہے ۔ جمعرات کوپی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق مفاہمتی یادداشت کے تحت پی ٹی اے اور گوگل کی جانب سے چائلڈ سیفٹی پروگرام کے لیے باہمی تعاون کیا جائے گا جس میں آگاہی، تعلیم اور استعداد کار میں اضافے کو اہمیت دی جائے گی۔

اس پروگرام کے ذریعے والدین اور اساتذہ کو عملی رہنمائی، ٹولز اور وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ بچوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ انداز میں رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ اس ضمن میں اہم اقدامات کے تحت انگریزی اور مقامی زبانوں میں آگاہی مواد کی تیاری، تعلیمی اداروں میں تربیتی پروگرامز کا انعقاد اور ملک گیر آگاہی مہم کے لیے معاونت شامل ہے جس کے ذریعے لاکھوں خاندانوں کی مقامی ضروریات کے مطابق آن لائن سیفٹی سے متعلق وسائل اور رہنمائی کی جائے گی۔اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے بچوں کے تحفظ کے لیے اجتماعی کاوشوں اور تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا خصوصاً ایسے وقت میں جب بچے تیزی سے ڈیجیٹل ماحول کا حصہ بن رہے ہیں۔

ممبر (کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ) پی ٹی اے ڈاکٹر خاور صدیق کھوکھر نے بچوں اور خاندانوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے فروغ کے حوالے سے ڈیجیٹل خواندگی اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔پی ٹی اے اور گوگل کا یہ اشتراک بچوں کے محفوظ ڈیجیٹل مستقبل کے لیے دونوں اداروں کے مشترکہ عزم کا عملی اظہار ہے جس کا مقصد والدین اور اساتذہ کو مؤثر رہنمائی اور ضروری وسائل کے ذریعے بااختیار بنانا، ڈیجیٹل آگاہی کو فروغ دینا اور پاکستان میں بچوں اور خاندانوں کے لیے محفوظ، ذمہ دارانہ اور بااعتماد آن لائن ماحول کی تشکیل میں معاونت کرنا ہے۔