نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور شام کے وزیر خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات، دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے شام کے وزیر خارجہ اسد حسن الشیبانی کا دفتر خارجہ اسلام آباد میں خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے ساتھ وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات کیے۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے مطابق دونوں جانب نے پاکستان اور شام کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی تجدید کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ …

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے شام کے وزیر خارجہ اسد حسن الشیبانی کا دفتر خارجہ اسلام آباد میں خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے ساتھ وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات کیے۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے مطابق دونوں جانب نے پاکستان اور شام کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی تجدید کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال بشمول فلسطین، گولان کی پہاڑیوں، افغانستان، جنوبی ایشیا کی صورتحال اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیر اعظم نے شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

شامی وزیر خارجہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا جس میں امریکا اور ایران کے تناظر میں کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی کوششیں بھی شامل ہیں۔ دونوں جانب نے خطے اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مسلسل رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔