اسپنٹک سے واپسی کے دوران عاصمہ مشتاق کا انتقال، الپائن کلب آف پاکستان کا اظہارِ افسوس

الپائن کلب آف پاکستان کے صدر میجر جنرل عرفان ارشد خان، ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور کلب کی پوری ٹیم نے قراقرم میں اسپنٹک (7,027 میٹر) سے واپسی کے دوران جاں بحق ہونے والی عاصمہ مشتاق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):الپائن کلب آف پاکستان کے صدر میجر جنرل عرفان ارشد خان، ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور کلب کی پوری ٹیم نے قراقرم میں اسپنٹک (7,027 میٹر) سے واپسی کے دوران جاں بحق ہونے والی عاصمہ مشتاق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

عاصمہ مشتاق نے بحفاظت اور اچھی صحت کے ساتھ اسپنٹک کی چوٹی سر کی تھی تاہم واپسی کے دوران تقریباً 6,400 میٹر کی بلندی پر انہیں بلندی سے متعلق ایک شدید طبی ہنگامی صورتحال پیش آئی۔ انتہائی مشکل حالات کے باوجود ان کے ماؤنٹین گائیڈز نے فوری طور پر ہر ممکن مدد فراہم کی اور انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

الپائن کلب آف پاکستان نے ان ماؤنٹین گائیڈز کی بہادری، لگن اور کوششوں کو سراہا جو اس المناک صورتحال کے دوران عاصمہ مشتاق کے ساتھ موجود رہے اور اپنی استطاعت کے مطابق ہر ممکن مدد فراہم کرتے رہے۔ الپائن کلب آف پاکستان کے صدر اور پوری ٹیم نے عاصمہ مشتاق کے اہلِخانہ، دوستوں اور عزیز و اقارب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

کلب نے اس مشکل وقت میں سوگوار خاندان اور پوری کوہ پیمائی برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے اہلِخانہ کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لئے صبر و حوصلہ دے۔