چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے بھیک مانگتے 9 بچوں کو حفاظتی تحویل میں لے لیا

ملتان میں انسدادِ گداگری مہم اور ریسکیو آپریشن جاری، بھکاری، گمشدہ، لاوارث اور گھر سے بھاگے بچوں کو حفاظتی تحویل میں لیا جا رہا ہے

ملتان۔ 23 اگست (اے پی پی):چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر ملتان میں انسدادِ گداگری مہم اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس کے دوران شہر کے مختلف مقامات سے بھکاری، گھر سے بھاگے، گمشدہ، لاوارث اور دیگر بچوں کو حفاظتی تحویل میں لیا جا رہا ہے۔

چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے ترجمان راؤ نوید مختار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران مختلف کارروائیوں میں 9 بچوں کو حفاظتی تحویل میں لیا گیا۔ بچوں کو ضروری تحفظ اور نگہداشت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے والدین یا سرپرستوں کی تلاش اور بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق بچوں کے تحفظ، انسدادِ گداگری، چائلڈ ٹریفکنگ کی روک تھام اور چائلڈ ہیلپ لائن 1121 کے بارے میں شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مختلف مقامات پر آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بھکاری، گھر سے بھاگا ہوا، گمشدہ، لاوارث، بے آسرا یا تشدد کا شکار کوئی بچہ نظر آئے تو فوری طور پر چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر اطلاع دیں تاکہ بچے کو بروقت حفاظتی تحویل میں لے کر ضروری معاونت فراہم کی جا سکے۔