دادوچہ ڈیم پر 36 ارب روپے کا واٹر سپلائی منصوبہ منظور، راولپنڈی کو یومیہ 35 ملین گیلن صاف پانی ملے گا

پنجاب حکومت نے راولپنڈی میں دادوچہ ڈیم پر 36 ارب روپے کی لاگت سے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹر سپلائی سسٹم کی تعمیر کی منظوری دے دی

راولپنڈی۔ 23 اگست (اے پی پی):حکومت پنجاب نے راولپنڈی کے لیے دادوچہ ڈیم پر 36 ارب روپے کی لاگت سے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹر سپلائی سسٹم کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دے دی ۔

اتوار کوترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے واسا راولپنڈی کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر سہیل اسلم کو دادوچہ ڈیم سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹر سپلائی سسٹم منصوبے کا پراجیکٹ ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد راولپنڈی کے واٹر سپلائی نیٹ ورک میں یومیہ 35 ملین گیلن مزید ٹریٹڈ پانی شامل کیا جائے گا۔منصوبہ دسمبر 2029 تک مکمل کیا جائے گا اور اس کا مقصد راولپنڈی میں پینے کے پانی کی طویل المدتی ضروریات پوری کرنے کے لیے سرفیس واٹر کے ایک مؤثر اور پائیدار ذریعے کو جدید ٹریٹمنٹ اور ڈسٹری بیوشن انفراسٹرکچر سے منسلک کرنا ہے۔محکمہ ہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت واٹر سپلائی انفراسٹرکچر کی تعمیر واسا راولپنڈی کرے گا۔ دادوچہ ڈیم کی تکمیل کے بعد واسا ٹرانسمیشن لائن اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک بھی تعمیر کرے گا جس کے ذریعے ٹریٹڈ پانی راولپنڈی شہر کے موجودہ واٹر سپلائی نظام میں شامل کیا جائے گا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنانے اور منصوبے پر پیش رفت کی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منظور شدہ ٹائم لائن پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور منصوبے کے تمام اجزا مربوط انداز میں آگے بڑھاتے ہوئے دسمبر 2029 کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق یومیہ 35 ملین گیلن مزید صاف پانی کی فراہمی سے راولپنڈی کے موجودہ واٹر سپلائی نظام کو تقویت ملے گی اور شہریوں کے لیے پینے کے پانی کی فراہمی زیادہ قابلِ اعتماد بنانے میں مدد ملے گی۔ ترجمان کے مطابق منصوبے کی منظوری شہر کی بڑھتی ہوئی پانی کی ضروریات اور ایک پائیدار و محفوظ ذریعہ آب کی ضرورت کے پیش نظر دی گئی ہے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی متعدد مواقع پر شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو ترجیح دینے اور پانی کی قلت والے علاقوں میں جاری منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ایک حالیہ جائزہ اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو صاف پینے کا پانی ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے والے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔